’میرانشاہ کے پہاڑی نالے میں مزید سات لاشیں‘

آخری وقت اشاعت:  ہفتہ 5 جنوری 2013 ,‭ 07:50 GMT 12:50 PST

حکام کا کہنا ہے کہ ان کے اس علاقے میں پہنچنے سے پہلے ہی نامعلوم افراد یہ لاشیں اٹھا کر لے گئے تھے

پاکستان کے قبائلی علاقے شمالی وزیرستان میں حکام کا کہنا ہے کہ ایک پہاڑی نالے سے سات لاشیں ملنے کی اطلاع ہے لیکن نامعلوم افراد ان لاشوں کو رات ہی کو اٹھا کر لے گئے تھے۔

ہمارے نامہ نگار کے مطابق شمالی وزیرستان کے صدر مقام میرانشاہ میں مقامی انتظامیہ کا کہنا ہے شمالی وزیرستان کے صدر مقام میرانشاہ کے قریب یہ لاشیں پڑی ہوئی تھیں۔

حکام کے مطابق میرانشاہ سے تیس کلومیٹر جنوب میں دوسلئی کے مقام پر ایک پہاڑی نالے میں یہ لاشیں پڑی تھیں۔

تاہم حکام کا کہنا ہے کہ ان کے اس علاقے میں پہنچنے سے پہلے ہی نامعلوم افراد یہ لاشیں اٹھا کر لے گئے تھے۔حکام کے مطابق لاشوں کی اطلاع رات کو ملی تھی لیکن جب صبح اہلکار وہاں پہنچے تو معلوم ہوا کہ نامعلوم افراد رات ہی کو لاشیں اٹھا کر لے گئے تھے۔

حکام کے مطابق یہ لاشیں محسود قبائل کے لوگوں کی تھیں۔ حکام نے خدشہ ظاہر کیا کہ یہ لاشیں طالبان کی ہو سکتی ہیں۔

یاد رہے کہ اکتیس دسمبر کو بھی ایک پہاڑی نالے سے نو افراد کی لاشیں ملی ہیں جن کا تعلق کالعدم شدت پسند تنظیم تحریکِ طالبان پاکستان سے بتایا گیا تھا۔

میرانشاہ میں مقامی انتظامیہ کا کہنا تھا کہ ان نو افراد گولیاں مار کر ہلاک کیا گیا تھا۔

اکتیس دسمبر کو ملی گئی لاشوں کے بارے میں انتظامیہ کا کہنا تھا کہ یہ لاشیں طالبان شدت پسندوں کی تھیں جبکہ مقامی آبادی کا کہنا تھا کہ ان افراد کو شدت پسندوں کے خلاف کارروائیوں کے دوران اغوا کیا گیا تھا۔

واضح رہے کہ پاکستان کے قبائلی علاقے خیبر ایجنسی میں تو شدت پسندوں کی لاشیں ملتی رہتی ہیں لیکن یہ پہلی بار تھا کہ شمالی وزیرستان سے کالعدم تنظیم تحریکِ طالبان پاکستان سے تعلق رکھنے والے شدت پسندوں کی لاشیں ملی تھیں۔

قبائلی علاقے شمالی اور جنوبی وزیرستان سے ان افراد کی تو لاشیں ملتی ہیں جنہیں طالبان جاسوسی کے شک میں ہلاک کرتے ہیں۔

اس کے علاوہ طالبان کی جانب سے سکیورٹی اہلکاروں کے اغوا کے بعد انہیں ہلاک کر کے لاشیں پھینکنے کے واقعات بھی پیش آتے رہے ہیں۔

اتوار کو بھی پشاور کے نزدیک ماشو خیل میں ایک چیک پوائنٹ سے اغوا کیے جانے والے اکیس نیم فوجی اہلکاروں کی لاشیں نیم قبائلی علاقے حسن خیل سےملی تھیں۔

اسی بارے میں

BBC © 2014 بی بی سی دیگر سائٹوں پر شائع شدہ مواد کی ذمہ دار نہیں ہے

اس صفحہ کو بہتیرن طور پر دیکھنے کے لیے ایک نئے، اپ ٹو ڈیٹ براؤزر کا استعمال کیجیے جس میں سی ایس ایس یعنی سٹائل شیٹس کی سہولت موجود ہو۔ ویسے تو آپ اس صحفہ کو اپنے پرانے براؤزر میں بھی دیکھ سکتے ہیں مگر آپ گرافِکس کا پورا لطف نہیں اٹھا پائیں گے۔ اگر ممکن ہو تو، برائے مہربانی اپنے براؤزر کو اپ گریڈ کرنے یا سی ایس ایس استعمال کرنے کے بارے میں غور کریں۔