قاضی حسین احمد کی نمازِ جنازہ ادا کر دی گئی

آخری وقت اشاعت:  اتوار 6 جنوری 2013 ,‭ 10:37 GMT 15:37 PST
قاضی حسین احمد

قاضی حسین احمد صوبہ خیبر پختون خواہ کے شہر نوشہرہ کے گاؤں زیارت کاکا صاحب میں 1938 میں پیدا ہوئے تھے۔

جماعت اسلامی کے سابق امیر قاضی حُسین احمد کی نمازِ جنازہ پشاور میں ادا کر دی گئی ہے جن کا انتقال گذشتہ شب دل کا دورہ پڑنے سے ہوا تھا۔

وفات کے وقت ان کی عمر چوہتر برس تھی اور وہ کچھ عرصے سے دل کے عارضے میں مبتلا تھے۔

طبیعت خراب ہونے پر انہیں گزشتہ شب ہی اسلام آباد منتقل کیا گیا تھا۔ جہاں وہ دل کا دورہ پڑنے سے انتقال کرگئے ۔

انکی نمازِ جنازہ اتوار کو تین بجے جناح پارک پشاور میں ادا کی گئی جس میں ملک کی کئی سیاسی اور سماجی شخصیات نے شرکت کی۔

قاضی حُسین احمد ، چار مرتبہ جماعت اسلامی کی امیر رہ چکے ہیں ۔

پاکستان کے صدر آصف علی زرداری اور وزیر اعظم راجہ پرویز اشرف، مسلم لیگ ن کے سربراہ میاں نواز شریف، سابق صدر پرویز مشرف، جمیعت علمائے اسلام فضل الرحمٰن کے سربراہ مولانا فضلُ الرحمان اور ایم کیو ایم کے سربراہ الطاف حسین نے بھی قاضی حُسین کے انتقال پر ان کے اہل خانہ سے تعزیت کرتے ہوئے گہرے دکھ کا اظہار کیا ہے ۔

قاضی حسین احمد 1970 میں جماعت اسلامی پشاور ک امیر بنے تھے جس کے بعد وہ 1986 ءمیں چھ سال کےلیے سینیٹ آف پاکستان کے ممبر منتخب ہوئے۔ 1992 میں وہ دوبارہ سینیٹرمنتخب ہوئے تاہم انہوں نے حکومتی پالیسیوں پر احتجاج کرتے ہوئے بعد ازاں 1996 میں سینٹ سے استعفٰی دے دیا تھا۔ 2002 کے عام انتخابات میں قاضی صاحب دو حلقوں سے قومی اسمبلی کے رکن منتخب ہوئے۔

قاضی حسین احمد دس اکتوبر 2002 سے اٹھارہ فروری 2008 تک مذہبی جماعتوں کے اتحاد متحدہ مجلسِ عمل کے صدر بھی رہے۔

قاصی حسین احمد ممتاز مذہبی سکالر تھے اور امریکہ کی دہشت گردی مہم اور افغانستان میں جاری لڑائی میں امریکہ کی شمولیت کے مخالف تھے۔

وہ بارہ جنوری 1938 کو صوبہ خیبر پختون خواہ کے شہر نوشہرہ کے قریب واقع ایک گاؤں زیارت کاکا صاحب میں پیدا ہوئے تھے۔

قاضی حسین احمدکے دو بیٹے اور دو بیٹیاں ہیں جن میں سے ایک ڈاکٹر سمیعہ راحیل قاضی بھی پاکستان کی قومی اسمبلی کی رکنن رہ چکی ہیں۔

اسی بارے میں

متعلقہ عنوانات

BBC © 2014 بی بی سی دیگر سائٹوں پر شائع شدہ مواد کی ذمہ دار نہیں ہے

اس صفحہ کو بہتیرن طور پر دیکھنے کے لیے ایک نئے، اپ ٹو ڈیٹ براؤزر کا استعمال کیجیے جس میں سی ایس ایس یعنی سٹائل شیٹس کی سہولت موجود ہو۔ ویسے تو آپ اس صحفہ کو اپنے پرانے براؤزر میں بھی دیکھ سکتے ہیں مگر آپ گرافِکس کا پورا لطف نہیں اٹھا پائیں گے۔ اگر ممکن ہو تو، برائے مہربانی اپنے براؤزر کو اپ گریڈ کرنے یا سی ایس ایس استعمال کرنے کے بارے میں غور کریں۔