الیکشن سے قبل پاکستان جاؤں گا: مشرف

آخری وقت اشاعت:  پير 21 جنوری 2013 ,‭ 05:38 GMT 10:38 PST

جنرل مشرف دو ہزار آٹھ میں اقتدار سے علیحدگی کے بعد سے خودساختہ جلاوطنی اختیار کیے ہوئے ہیں

پاکستان کے سابق صدر اور فوجی حکمران جنرل (ر) پرویز مشرف نے کہا ہے کہ وہ اپنے سیاسی کیرئر کو آگے بڑھانے اور انتخابات میں اپنی جماعت کی مدد کے لیے جلد ہی پاکستان جائیں گے۔

بی بی سی سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ممکن ہے کہ وہ فروری میں پاکستان جائیں۔

انہوں نے کہا کہ ’ واپسی کے لیے میں نے کوئی تاریخ مقرر نہیں کی لیکن میں نے سوچ لیا ہے کہ مجھے اپنی پارٹی کو آگے بڑھانے کے لیے کم از کم ڈھائی سے تین مہینے درکار ہیں۔ اس لیے اگر انتخابات مئی میں ہوں گے تو مجھے حساب کرکے اپنے آپ کو ڈھائی سے تین مہینے دینے ہوں گے۔‘

ان کا کہنا تھا کہ ’ میں واپس جانا چاہتا ہوں اور واپس جاؤں گا۔میرے اوپر سارے الزامات بنائے گئے ہیں لیکن واضح طور پر قانونی اور آئینی لحاظ سے مجھ پر کوئی الزام نہیں۔‘

پاکستان میں جنرل(ر) مشرف سابق وزیراعظم بینظیر بھٹو کے مقدمۂ قتل میں مطلوب بھی ہیں۔ تاہم وہ کسی بھی قسم کے غلط اقدام اٹھانے سے انکار کرتے ہیں۔

"ملک میں دائمی جمہوریت قائم کرنے کے لیے فوج کا کردار اہم ہے۔ آج، کل کا مطالبہ ہے کہ ملک میں نگران حکومت قائم کیا جائے۔ اب فوج کا کام ہے کہ وہ اسے یقینی بنائے"

جنرل(ر) پروئز مشرف

جنرل (ر) پرویز مشرف نے چودہ سال پہلے حکومت کا تختہ الٹا کر اپنی فوجی حکمرانی قائم کی تھی ۔

پاکستان میں جمہوریت کے متعلق بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ’ملک میں دائمی جمہوریت قائم کرنے کے لیے فوج کا کردار اہم ہے۔ آج، کل کا مطالبہ ہے کہ ملک میں نگران حکومت قائم کیا جائے۔ اب فوج کا کام ہے کہ وہ اسے یقینی بنائے۔‘

جنرل مشرف دو ہزار آٹھ میں اقتدار سے علیحدگی کے بعد سے خودساختہ جلاوطنی اختیار کیے ہوئے ہیں۔

انہوں نے گزشتہ برس بھی دبئی سے وڈیو لنک کے ذریعے پاکستان میں اپنے حمایتیوں سے کہا تھا کہ وہ تین ہفتوں کے اندر پاکستان واپس آئیں گے لیکن پھر ارادہ بدل دیا تھا۔

اسی بارے میں

متعلقہ عنوانات

BBC © 2014 بی بی سی دیگر سائٹوں پر شائع شدہ مواد کی ذمہ دار نہیں ہے

اس صفحہ کو بہتیرن طور پر دیکھنے کے لیے ایک نئے، اپ ٹو ڈیٹ براؤزر کا استعمال کیجیے جس میں سی ایس ایس یعنی سٹائل شیٹس کی سہولت موجود ہو۔ ویسے تو آپ اس صحفہ کو اپنے پرانے براؤزر میں بھی دیکھ سکتے ہیں مگر آپ گرافِکس کا پورا لطف نہیں اٹھا پائیں گے۔ اگر ممکن ہو تو، برائے مہربانی اپنے براؤزر کو اپ گریڈ کرنے یا سی ایس ایس استعمال کرنے کے بارے میں غور کریں۔