پاکستان میں بارشوں سے پچیس افراد ہلاک، چھتیس زخمی

آخری وقت اشاعت:  منگل 5 فروری 2013 ,‭ 09:51 GMT 14:51 PST

پاکستان کے سب سے بڑے صوبے پنجاب میں شدید بارشوں کی وجہ سے پانچ افراد ہلاک ہوئے ہیں

پاکستان میں گذشتہ تین دن سے جاری بارشوں کے دوران پچیس افراد کی ہلاکت اور چھتیس افراد کے زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں۔ سب سے زیادہ ہلاکتیں صوبہ خیبر پختون خوا کے علاقے مالاکنڈ ڈویژن میں ہوئیں جن کی تعداد چودہ ہے۔

مقامی پولیس کے مطابق نو افراد شدید بارشوں اور برف باری کے باعث مکانات کی چھتیں گرنے سے ہلاک ہوئے جبکہ پانچ افراد برفانی تودہ گرنے کی وجہ سے اپنی زندگی سے ہاتھ دھو بیٹھے۔

چارسدہ اور مردان کے علاقوں میں بھی تین افراد کی ہلاکتوں اور سات کے زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں۔

آبادی کے لحاظ سے پاکستان کے سب سے بڑے صوبے پنجاب میں شدید بارشوں کی وجہ سے پانچ افراد ہلاک ہوئے ان میں سے دو افراد سیالکوٹ، دو اکاڑہ جبکہ ایک میاں چنوں میں ہلاک ہوا۔ ان واقعات میں پندرہ افراد کے زخمی ہونے کی بھی اطلاعات ہیں۔

راولپنڈی کے علاقے میں دو افراد نالہ لئی میں ڈوب گئے جبکہ کلرسیداں میں مکان کی چھت گرنے سے ایک خاتون ہلاک اور چھ افراد زخمی ہو گئے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق اس وقت تک شانگلہ میں چھ فٹ تک برف پڑ چکی ہے جبکہ منگورہ میں آٹھ فٹ تک برف باری ہوئی ہے۔ بلوچستان کے علاقے زیارت میں بھی برف باری کا سلسلہ جاری ہے جو آئندہ چوبیس گھنٹے تک جاری رہے گا۔

محمکہ موسمیات کے ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر عارف محمود نے بی بی سی کو بتایا کہ گُذشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران سب سے زیادہ بارش سیدو شریف میں ریکارڈ کی گئی ہے جو کہ 175 ملی میٹر ہے جبکہ اسلام آباد میں 150 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ہے۔

گُذشتہ چوبیس گھنٹوں سے جاری شدید بارشوں کی وجہ سے پروازوں کے شیڈول بھی شدید متاثر ہوئے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق بارشوں کا موجودہ سلسلہ اگلے چوبیس گھنٹے میں ختم ہوجائے گا جس کے بعد جلد ہی ملک بھر میں بارشوں کا ایک نیا سلسلہ شروع ہو جائے گا جو کہ تین سے چار روز تک جاری رہے گا۔

اسی بارے میں

متعلقہ عنوانات

BBC © 2014 بی بی سی دیگر سائٹوں پر شائع شدہ مواد کی ذمہ دار نہیں ہے

اس صفحہ کو بہتیرن طور پر دیکھنے کے لیے ایک نئے، اپ ٹو ڈیٹ براؤزر کا استعمال کیجیے جس میں سی ایس ایس یعنی سٹائل شیٹس کی سہولت موجود ہو۔ ویسے تو آپ اس صحفہ کو اپنے پرانے براؤزر میں بھی دیکھ سکتے ہیں مگر آپ گرافِکس کا پورا لطف نہیں اٹھا پائیں گے۔ اگر ممکن ہو تو، برائے مہربانی اپنے براؤزر کو اپ گریڈ کرنے یا سی ایس ایس استعمال کرنے کے بارے میں غور کریں۔