بلوچستان: چار ہلاک، لاشوں کو آگ لگا دی گئی

آخری وقت اشاعت:  ہفتہ 2 مارچ 2013 ,‭ 14:44 GMT 19:44 PST
بلوچستان

پاکستان کے صوبہ بلوچستان کے علاقے کیچ میں نامعلوم مسلح افراد نے گاڑی پر فائرنگ کرکے چار افراد کو قتل کردیا اور گاڑی کو آگ لگا دی۔

لیویز انتظامیہ نے واقعہ کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا ہے کہ یہ واقعہ کیچ کے علاقے تربت سے چالیس کلو میٹر کے فاصلے پر واقع تحصیل تمپ میں رودبن پل کے مقام پر پیش آیا۔

لیویز کے تحصیلدار حسین جان کے مطابق پل کے قریب لیویز کو ایک فون کال کے ذریعے اطلاع موصول ہوئی کہ رود بن پل کے مقام پر ایک جلی ہوئی گاڑی موجود ہے۔ لیویز فورس نے جائے واقعہ پر پہنچ کر لاشوں کو تحویل میں لے کر ہسپتال پہنچا دیا۔

یہ واقعہ ہفتہ کو علی الصبح پیش آیا۔ مقتولین تمپ سے مند کی طرف جارہے تھے کہ بالیچہ میں رود بن پل کے مقام پر انہیں فائرنگ کرکے قتل کیا گیا۔

فائرنگ کے نتیجے میں گاڑی میں آگ بھڑک اٹھی جس کی وجہ سے مقتولین کی لاشیں بھی بری طرح جھلس گئیں، جس کے باعث صرف دو افراد کی شناخت ہو سکی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ ان دونوں افراد کے رشتہ دار یہاں پہنچے اور انہوں نے گاڑی سے اپنے عزیزوں کو پہچانا۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ فوری طور پر تو واقعہ سے متعلق کچھ بھی نہیں کہا جاسکتا۔ اس سلسلے میں تحقیقات کی جارہی ہیں اور ان کے مکمل ہونے کے بعد ہی وثوق کے ساتھ کچھ کہا جاسکے گا۔

ابتدائی تفتیش کے دوران یہ بھی معلوم ہوا ہے کہ ایک مقتول عبداللہ کی قبائلی دشمنیاں بھی تھیں اور یہ قبائلی دشمنی کا شاخسانہ بھی ہوسکتا ہے۔

اسی بارے میں

متعلقہ عنوانات

BBC © 2014 بی بی سی دیگر سائٹوں پر شائع شدہ مواد کی ذمہ دار نہیں ہے

اس صفحہ کو بہتیرن طور پر دیکھنے کے لیے ایک نئے، اپ ٹو ڈیٹ براؤزر کا استعمال کیجیے جس میں سی ایس ایس یعنی سٹائل شیٹس کی سہولت موجود ہو۔ ویسے تو آپ اس صحفہ کو اپنے پرانے براؤزر میں بھی دیکھ سکتے ہیں مگر آپ گرافِکس کا پورا لطف نہیں اٹھا پائیں گے۔ اگر ممکن ہو تو، برائے مہربانی اپنے براؤزر کو اپ گریڈ کرنے یا سی ایس ایس استعمال کرنے کے بارے میں غور کریں۔