نبیل گبول ایم کیو ایم میں شامل ہوگئے

آخری وقت اشاعت:  اتوار 17 مارچ 2013 ,‭ 13:39 GMT 18:39 PST

’بینظیر بھٹو کے بعد پی پی پی نے مجھے عزت نہیں دی اور لیاری کو نظر انداز کیا‘

پاکستان پیپلز پارٹی کے سینیئر رہنما اور سابق وزیر نبیل گبول نے متحدہ قومی موومنٹ میں شمولیت کا اعلان کر دیا ہے۔

گزشتہ انتخابات میں لیاری سے رکنِ قومی اسمبلی منتخب ہونے والے نبیل گبول نے یہ اعلان کراچی میں عزیز آباد میں واقع ایم کیو ایم کے مرکز نائن زیرو پر ایک پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔

’میں پچیس سال تک پیپلز پارٹی میں رہا لیکن آج کی پیپلز پارٹی محترمہ بینظیر بھٹو کی جماعت نہیں رہی۔‘

انہوں نے کہا کہ پانچ سال تک پیپلز پارٹی کے دور میں لیاری کو مسلسل نظر انداز کیا گیا اور اسے تباہ کیا گیا۔

انہوں نے مزید کہا کہ انہیں بینظیر بھٹو نے قومی اسمبلی کا ٹکٹ دیا تھا۔ ’بینظیر بھٹو کے بعد پی پی پی نے مجھے عزت نہیں دی اور لیاری کو نظر انداز کیا۔‘

ایم کیوایم کے رہنما فاروق ستار کے ساتھ پریس کانفرنس کرتے ہوئے نبیل گبول نےکہا کہ انہوں نے کہا تھا کہ لیاری میں جرائم پیشہ عناصر ہیں اور ان کی روک تھام کے لیے کچھ کرنا ہوگا لیکن کسی نے بات نہیں سنی۔

انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی اور ایم کیو ایم سندھ میں دو بڑی جماعتیں ہیں۔

نبیل گبول کا کہنا تھا کہ ’میں گزشتہ ایک برس سے پاکستان پیپلز پارٹی چھوڑنے کا سوچ رہا تھا اور ملک کی تمام سیاسی جماعتوں نے مجھے دعوت دی کہ میں ان کی جماعت میں شامل ہوجاؤں لیکن ایم کیو ایم واحد جماعت ہے جہاں ہر طبقے اور قومیت کے لوگ موجود ہیں۔‘

اس موقع پر فاروق ستار نے کہا کہ میں نبیل گبول کو خوش آمدید کہتا ہوں اور ان کی شمولیت سے غلط فہمیاں دور کرنے میں مدد ملے گی۔

اسی بارے میں

متعلقہ عنوانات

BBC © 2014 بی بی سی دیگر سائٹوں پر شائع شدہ مواد کی ذمہ دار نہیں ہے

اس صفحہ کو بہتیرن طور پر دیکھنے کے لیے ایک نئے، اپ ٹو ڈیٹ براؤزر کا استعمال کیجیے جس میں سی ایس ایس یعنی سٹائل شیٹس کی سہولت موجود ہو۔ ویسے تو آپ اس صحفہ کو اپنے پرانے براؤزر میں بھی دیکھ سکتے ہیں مگر آپ گرافِکس کا پورا لطف نہیں اٹھا پائیں گے۔ اگر ممکن ہو تو، برائے مہربانی اپنے براؤزر کو اپ گریڈ کرنے یا سی ایس ایس استعمال کرنے کے بارے میں غور کریں۔