نگراں وزیر اعلیٰ: نئے نام تجویز کرنے پر رائے طلب

آخری وقت اشاعت:  اتوار 24 مارچ 2013 ,‭ 15:11 GMT 20:11 PST

پنجاب ملک کا واحد صوبہ ہے جہاں ابھی تک نگراں وزیر اعلیٰ کی نامزدگی کا معاملہ طے نہیں ہوسکا

پاکستان کے صوبہ پنجاب میں نگراں وزیراعلیٰ کی نامزدگی کے لیے کمیٹی نے ایڈووکیٹ جنرل پنجاب اور صوبائی سیکرٹری قانون سے رائے طلب کی ہے کہ کیا کمیٹی تجویز کردہ ناموں میں نئے نام شامل کرسکتی ہے۔

کمیٹی نے ایڈووکیٹ جنرل اور سیکرٹری قانون سے کہا ہے کہ وہ کل یعنی پیر کو پیش ہوکر اس بارے میں اپنی رائے دیں۔

پنجاب میں نگراں وزیر اعلیٰ کی نامزدگی کے معاملے کو طے کرنے کے لیے چھ رکنی کمیٹی کا پہلا اجلاس اتوار کو پنجاب اسمبلی میں ہوا۔

لاہور میں ہمارے نامہ نگار نے بتایا کہ اجلاس کے ختم ہونے کے بعد کمیٹی کے رکن اور پنجاب اسمبلی میں پیپلز پارٹی کے رہنما شوکت بسرا نے بتایا کمیٹی نے پہلے اجلاس میں نگراں وزیر اعلیٰ کی نامزدگی کے لیے طریقہ کار وضع کیا جس کے تحت اب کارروائی کو آگے بڑھایا جائے گا۔

چھ رکنی کمیٹی نے نگراں وزیر اعلیٰ کے لیے ان چار ناموں پر غور کرنا ہے جو وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف اور قائد حزب اختلاف راجہ ریاض نے تجویز کیے ہیں۔

کمیٹی کے رکن اور سابق وزیر قانون رانا ثناء اللہ نے بتایا کہ کل سے کمیٹی اپنی باقاعدہ کارروائی شروع کرے گی اور کمیٹی پیر کو ہونے والے اجلاس میں یہ کوشش کرے گی کہ چار میں سے دو ناموں تک پہنچ جائیں۔

مسلم لیگ نواز نے نگراں وزیر اعلیٰ پنجاب کے لیے جسٹس ریٹائرڈ عامر رضا خان اور سابق بیوروکریٹ خواجہ ظہیر کے نام جبکہ حزب مخالف کی جماعت پیپلز پارٹی کے سابق چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ جسٹس زاہد حسین اور سنیئر صحافی نجم سیٹھی کے نام تجویز کیے ہیں۔

قانونی ماہرین کے مطابق چھ رکنی کمیٹی کے پاس بھی تین دنوں کی مہلت ہے اور ناکامی کی صورت میں یہ معاملہ الیکشن کمیشن کے پاس چلا جائے گا۔

پنجاب ملک کا واحد صوبہ ہے جہاں ابھی تک نگراں وزیر اعلیٰ کی نامزدگی کا معاملہ طے نہیں ہوسکا ۔

اسی بارے میں

متعلقہ عنوانات

BBC © 2014 بی بی سی دیگر سائٹوں پر شائع شدہ مواد کی ذمہ دار نہیں ہے

اس صفحہ کو بہتیرن طور پر دیکھنے کے لیے ایک نئے، اپ ٹو ڈیٹ براؤزر کا استعمال کیجیے جس میں سی ایس ایس یعنی سٹائل شیٹس کی سہولت موجود ہو۔ ویسے تو آپ اس صحفہ کو اپنے پرانے براؤزر میں بھی دیکھ سکتے ہیں مگر آپ گرافِکس کا پورا لطف نہیں اٹھا پائیں گے۔ اگر ممکن ہو تو، برائے مہربانی اپنے براؤزر کو اپ گریڈ کرنے یا سی ایس ایس استعمال کرنے کے بارے میں غور کریں۔