نجم سیٹھی پنجاب کے نگراں وزیراعلیٰ مقرر

Image caption نجم سیٹھی نجی ٹی وی چینل جیو نیوز پر حالات حاضرہ کا پروگرام کرتے ہیں

پنجاب کے نگراں وزیرِاعلیٰ کو نامزد کرنے کے لیے قائم کردہ چھ رکنی کمیٹی نے صحافی نجم سیٹھی کو نگراں وزیراعلیٰ مقرر کر دیا ہے۔

مسلم لیگ نون نے نگراں وزیر اعلیٰ پنجاب کے لیے جسٹس ریٹائرڈ عامر رضا خان اور سابق بیوروکریٹ خواجہ ظہیر کے نام تجویز کیے تھے، جب کہ حزبِ مخالف کی جماعت پیپلز پارٹی نے سابق چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ جسٹس زاہد حسین اور صحافی نجم سیٹھی کے نام پیش کیے تھے۔

پاکستان مسلم لیگ نون کے رہنما اور پارلیمانی کمیٹی کے ممبر رانا ثناء اللہ نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے اعلان کیا کہ صحافی نجم سیٹھی کو نگراں وزیر اعلیٰ مقرر کرنے پر اتفاق کر لیا گیا ہے۔

سرکاری ٹیلی ویژن پی ٹی وی کے مطابق نومنتخب نگراں وزیراعلیٰ نجم سیٹھی نے کہا ہے کہ ان کا کام شفاف نمائندوں کو حکومت میں لانا ہے اور وہ صوبے میں شفاف انتخابات کے انعقاد کے لیے الیکشن کمیشن کے ساتھ مل کر کام کریں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ وہ اپنی ذمہ داریاں غیر جانبداری سے نبھائیں گے۔

اس سے پہلے منگل کو چھ رکنی کمیٹی کسی نام پر اتفاق رائے قائم کرنے میں ناکام رہی تھی اور اس کے بعد آئین کے مطابق نگراں وزیراعلیٰ کے چناؤ کا معاملہ الیکشن کمیشن کے پاس جانا تھا۔

سرکاری ٹیلی ویژن پی ٹی وی نے خبر دی تھی کہ پنجاب کے وزیرِ اعلیٰ اور مسلم لیگ نون کے رہنما میاں شہباز شریف نے نواز لیگ اور قاف لیگ سے تعلق رکھنے والے ارکانِ کمیٹی سے رابطہ کر کے انہیں دوبارہ مشاورت کی ہدایت کی تھی۔

اسی بارے میں