’اہم وزارتوں پر اختلاف کابینہ میں تاخیر کی وجہ‘

Image caption پیر تک نگراں وزیراعظم میر ہزار خان کھوسو کابینہ کو حتمی شکل دے دیں گے: فرحت اللہ بابر

پاکستان میں نگراں وزیراعظم کو حلف اٹھائے ایک ہفتہ گزر چکا ہے لیکن اب تک ملک کی نگراں کابینہ کے ناموں کا اعلان نہیں ہو سکا ہے۔

ملکی تاریخ میں یہ پہلا موقع ہے کہ کسی نگراں کابینہ کی تشکیل میں اتنا وقت لگ رہا ہے اور اس کی وجہ دو بڑی سیاسی جماعتوں پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ (ن) میں اہم وزارتوں پر اختلافات کو قرار دیا جا رہا ہے۔

اطلاعات کے مطابق یہ دونوں جماعتیں خارجہ، داخلہ، خزانہ اور پیٹرولیم کی وزارتوں کے لیے اپنے اپنے حامیوں کو نامزد کرنا چاہتی ہیں اور اسی معاملے پر تاحال اختلافات برقرار ہیں۔

ایوان صدر کے ترجمان فرحت اللہ بابر نے اہم وزارتوں کے معاملے پر اختلافات کی تصدیق کی ہے لیکن انہوں نے کہا کہ کابینہ میں تاخیر کے اور بھی سبب ہیں۔

ان کے بقول فریقین امیدواروں کے ٹکٹ کا فیصلہ کرنے اور کاغذات نامزدگی داخل کرنے کی وجہ سے بھی مصروف ہیں۔

انہوں نے امید ظاہر کی کہ پیر تک نگراں وزیراعظم میر ہزار خان کھوسو کابینہ کو حتمی شکل دے دیں گے اور منگل تک کابینہ حلف اٹھا لے گی۔

تاحال دو صحافیوں ڈاکٹر ملیحہ لودھی اور طلعت حسین سے کابینہ میں شمولیت کے لیے رابطے کیے گئے ہیں اور دونوں نے معذرت کر لی ہے۔

ڈاکٹر ملیحہ لودھی کو خارجہ اور طلعت حسین کو اطلاعات کے محکمے دینےکی پیشکش کی گئی جو انہوں نے قبول نہیں کی۔

ملیحہ لودھی کا کہنا ہے کہ ڈیڑھ ماہ میں کوئی پالیسی سازی ممکن نہیں اور مختصر عرصے کے لیے وزیر بنانا ضروری نہیں۔

جبکہ طلعت حسین کہتے ہیں کہ یہ صحافی کا کام نہیں ہے کہ سیاسی عہدہ سنبھالے۔ کیونکہ ان کے بقول صحافی کا کام تنقید کرنا ہے اور وزیر کا کام حکومت کا دفاع کرنا اور معلومات چھپانا اور یوں صحافی اور وزیر کے مفادات کا ٹکراؤ ہوتا ہے۔

بی بی سی کو ذمہ دار ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ مسلم لیگ (ن) اور پیپلز پارٹی دونوں وزارتِ خزانہ اور داخلہ پر اپنے ہمدرد افراد کو لانا چاہتی ہیں اور اب پاکستان پیپلز پارٹی ان میں سے ایک وزارت مسلم لیگ (ن) کو دینے پر رضامند ہوئی ہے۔

اس بارے میں مسلم لیگ (ن) کا موقف جاننے کے لیے مشاہداللہ خان، پرویز رشید اور احسن اقبال سے رابطہ کرنے کی کوشش کی لیکن وہ دستیاب نہیں ہوسکے جبکہ صدیق الفاروق نے یہ کہتے ہوئے تبصرہ کرنے سے گریز کیا کہ اس بارے میں انہیں کوئی معلومات نہیں۔

اسی بارے میں