پشاورگرڈ سٹیشن پر طالبان نے کیا: فوجی ترجمان

Image caption ہلاک ہونے والوں میں واپڈا کے چار اور پولیس کے تین اہلکار شامل ہیں

پاکستانی افواج کے شعبہ تعلقاتِ عامہ کہ مطابق پشاور کے نزدیک شیخ محمد کے گرڈ سٹیشن پر حملہ کالعدم تحریکِ طالبان پاکستان نے کیا ہے۔ اس حملے میں سات افراد ہلاک ہو گئے تھے۔ جبکہ واپڈا کے چار اہلکار اب بھی لاپتہ ہیں۔

آئی ایس پی آر کے مطابق انہیں باوثوق ذرائع سے اطلاع ملی ہے کہ تحریک طالبان پاکستان اس حملے کی ذمہ دار ہے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق تحریک طالبان پاکستان عوامی ردِ عمل سے بچنے کے لیے اس حملے میں ملوث ہونے کی تردید کر رہی ہے۔

حملہ آور بھاری اسلحے سے لیس تھے اور انہوں نے بارودی مواد سےگرڈ سٹیشن کے کنٹرول نظام کو تباہ کر دیا جس کی وجہ سے بعض علاقوں کی بجلی منقطع ہو گئی۔

بی بی سی سے بات کرتے ہوئے شیخ محمدی گاؤں کے رہائشی مسعود عبدالخیل نے بتایا کہ پیر اور منگل کی درمیانی شب تقریباً ایک بجے بڑی تعداد میں مسلح لوگوں نے گرڈ سٹیشن پر ہلہ بولا اورکنٹرول روم کو بارودی مواد سے تباہ کرنے سے پہلے وہاں موجود دو اہلکاروں کو مار ڈالا۔

انہوں نے کہا کہ ہلاک ہونے والے پانچ افراد کی لاشیں بعد میں گرڈ سٹیشن سے ایک فرلانگ کے فاصلے پر ملیں۔

یاد رہے کہ قبائلی علاقے خیبر ایجنسی کا علاقہ اکاخیل متاثرہ گرڈ سٹیشن سے چند کلومیٹر کے فاصلے پر ہے۔

اسی بارے میں