پنجاب: کئی رہنماؤں کے کاغذاتِ نامزدگی منظور

Image caption نواز شریف کے مدِمقابل پیپلز پارٹی کے امیدوار سہیل ملک نے ان کے کاغذات نامزدگی کو چیلنج کیا تھا۔

پاکستان کے صوبہ پنجاب کے دارالحکومت لاہور کے ریٹرننگ آفیسر نے مسلم لیگ نواز کے سربراہ میاں نواز شریف کے کاغذات پر لگائے گئے اعتراضات مسترد کردیے ہیں اور ان کو انتخابات میں حصہ لینے کی اجازت دے دی ہے۔

نواز شریف سولہ برس کے وقفے کے بعد انتخابات میں حصہ لے رہے ہیں اور ان کے مدِمقابل پیپلز پارٹی کے امیدوار سہیل ملک نے ان کے کاغذات نامزدگی کو چیلنج کیا تھا۔

لاہور کے ریٹرننگ آفیسر نے سابق وزیر اعلیٰ شہباز شریف اور ان کے بیٹے حمزہ شہباز کے کاغذاتِ نامزدگی پر اعتراضات رد کرتے ہوئے ان کے کاغذاتِ نامزدگی منظور کرلیے۔

حمزہ شہباز کی بیوی ہونے کا دعویٰ کرنے والی خاتون عائشہ ملک کے کاغذات نامزدگی بھی منظور کر لیے گئے ہیں۔ وہ حمزہ شہباز کے مدِمقابل قومی اسمبلی کے حلقہ ایک سو انیس سے امیدوار ہیں۔

لاہور ہی میں ریٹرننگ آفیسرز نے تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان اور رہنما جاوید ہاشمی کے کاغذات نامزدگی کو درست قرار دے دیا۔

سابق کرکٹر سرفراز نواز نے لاہور کے حلقہ ایک سو چھبیس سے جمع کرائے گئے اپنے کاغذات نامزدگی واپس لے لیے ہیں ۔اسی حلقے سے عمران خان بھی امیدوار ہیں۔

سابق وزیر خارجہ حنا ربانی اور ان کے والد کے کاغذات نامزدگی بھی منظور ہوگئے ہیں دونوں باپ بیٹی مظفر گڑہ سے قومی اسمبلی کے حلقہ ایک سو ستتر کے لیے کاغذات جمع کرائے تھے۔

مسلم لیگ ق کے رہنما اور سابق نائب وزیر اعظم چودھری پرویز الہیٰ اور پیپلز پارٹی کے رہنما اور سابق وزیر دفاع چودھری احمد مختار کے کاغذات نامزدگی بھی منظور ہوگئے ہیں ۔ دونوں رہنما گجرات سے ایک ہی حلقہ یعنی این اے ایک سو پانچ میں ایک دوسرے کے مدمقابل ہیں۔

مسلم لیگ نون میں شامل ہونے والے سابق وفاقی وزیر شیخ وقاص اکرم کے کاغذات نامزدگی مسترد کردیے گئے ہیں وہ وسطی پنجاب کے علاقے جھنگ سے قومی اسمبلی کے نشست کے لیے امیدوار تھے۔

ان کے کاغذات نامزدگی کو کالعدم تنظیم کے رہنما اور اہلسنت و لجماعت کے سربراہ محمد احمد لدھیانوی نے چیلنج کیا تھا۔

پیپلز پارٹی پنجاب کے سابق صدر اور سابق وفاقی وزیر چودھری امتیاز صفدر وڑائچ کے کاغذات بھی مسترد کردیے گئے ہیں۔

متروکہ وقف املاک کے سربراہ اور پیپلز پارٹی کے رہنما آصف ہاشمی کے کاغذات نامزدگی بھی مسترد ہوگئے ہیں جبکہ سابق وفاقی وزیر ثمینہ گھرکی اور سابق گورنر پنجاب سردار لطیف کھوسہ کے بیٹے خرم کھوسہ کے کاغذات نامزدگی منظور کر لیے گئے ہیں۔

اسی بارے میں