بلوچستان:ڈاکٹر عبدالمالک پر بم حملہ، 3 زخمی

Image caption ضلع برکھان میں دو سکولوں اور ایک ڈسپنسری کے عمارتوں کو دھماکہ خیز مواد سے نشانہ بنایا گیا

پاکستان میں انتخابات کے انعقاد میں پانچ دن باقی رہ گئے ہیں اور شدت پسندوں کی جانب انتخابی سرگرمیوں کو نشانہ بنانے کا سلسلہ تاحال جاری ہے۔

بلوچستان کے علاقے تربت میں پیر کو نیشنل پارٹی کے صدر اور انتخابی امیدوار ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ پر بم حملے کے نتیجے میں تین افراد زخمی ہوئے ہیں۔ ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ اس حملے میں محفوظ رہے۔

واقع اس وقت پیش آیا جب ڈاکٹر عبدالمالک گاڑی میں اپنے ساتھی ڈاکٹر یاسین کے ساتھ اپنے گھر سے نکلے۔ اطلاعات کے مطابق دھماکے میں گھریلو ساختہ بم استعمال کیا گیا۔گذشتہ مہینے بھی ان کے گھر پر کریکر سے حملہ کیا گیا تھا۔

بلوچستان کے دو مختلف علاقوں میں پیر کو چار مجوزہ پولنگ سٹیشنوں کی عمارتوں کو دھماکہ خیز مواد سے نقصان پہنچایا گیا ہے۔

صوبہ خیبر پختون خوا کے ضلع چارسدہ میں بھی مقامی پولیس کے مطابق شب قدر کے علاقے میں پاکستان پیپلز پارٹی کے صوبائی امیدوار اسداللہ کے انتخابی دفتر میں دھماکے کے نتیجے میں ایک شخص زخمی جبکہ عمارت تباہ ہو گئی ہے۔

بلوچستان کے ضلع برکھان میں دو سکولوں اور ایک ڈسپنسری کے عمارتوں کو دھماکہ خیز مواد سے نشانہ بنایا گیا ہے۔ بارکھان انتظامیہ کے ایک اہلکار نے بی بی سی کو بتایا کہ بارکھان میں نارکوٹ، وٹاکی اور میانی کے علاقوں میں سکولوں کی دو عمارتوں کے علاوہ ایک ڈسپنسری کی عمارت کے ساتھ دھماکہ خیز مواد نصب کیا گیا تھا جن کے پھٹنے سے ان عمارتوں کو نقصان پہنچا۔

اہلکار کے مطابق ان عمارتوں میں 11مئی کو انتخابات کے لیے پولنگ سٹیشن بننے تھے۔

ادھر کوئٹہ کے قریب مستونگ میں بھی ایک سکول کی عمارت کو دھماکہ کرکے نقصان پہنچایا گیا۔

پولیس کے مطابق مستونگ کے علاقے اسپلنجی میں ایک سکول کی عمارت کو نقصان پہنچایا گیا جس میں پولنگ سٹیشن قائم ہونا تھا۔جبکہ گزشتہ روز ضلع نوشکی کے علاقے میں بھی دو سکولوں کی عمارتوں کو نقصان پہنچایا گیا تھا۔

دھماکہ خیز مواد سے نشانہ بنائے گئے یہ سکول نوشکی میں کلی صاحبزادہ اور احمدوال میں واقع ہیں۔ نوشکی کے انتظامیہ کے مطابق ان سکولوں کی عمارتوں کو بھی پولنگ سٹیشنوں کے طور پر استعمال ہونا تھا۔

یاد رہے کہ بلوچستان میں ایسے ہی مختلف واقعات میں اتوار کو دو لیویز اہلکار ہلاک اور دو اہلکاروں سمیت 14 افراد زخمی ہوئے تھے۔

اسی بارے میں