سبی میں فائرنگ سے چار خواتین ہلاک

Image caption بلوچستان میں حالیہ برسوں میں تشدد کے واقعات معمول بن گئے ہیں

پاکستان کے صوبہ بلوچستان کے علاقے سبی میں فائرنگ کے ایک واقعے میں چار خواتین سمیت پانچ افراد ہلاک ہوگئے۔

مقامی پولیس کے مطابق یہ واقعہ سبی شہر میں جمعرات کو پیش آیا۔

یہ واقعہ سبی میں بکرا منڈی کے قریب پیش آیا جہاں دو نامعلوم افراد نے ایک گھر میں داخل ہو کر اندھا دھند فائرنگ شروع کر دی۔ فائرنگ کے نتیجے میں تین خواتین اور ایک مرد موقع پر ہلاک ہوگئے جب کہ تین خواتین زخمی ہوگئیں۔

زخمی خواتین کو ابتدائی طبی امداد کے لیے مقامی ہسپتال لے جایا گیا جہاں ان میں سے ایک زخموں کی تاب نہ لا کر چل بسی۔ بعد میں بقیہ زخمی خواتین کو علاج کے لیے کوئٹہ منتقل کردیا گیا۔ زخمیوں میں سے ایک کی حالت تشویش ناک بتائی جاتی ہے۔

پولیس کے مطابق ہلاک ہونے والے مرد کا تعلق سندھ کے علاقے جیکب آباد سے تھا جب کہ خواتین کا تعلق پنجاب سے تھا۔

پولیس حکام نے ابتدائی تفتیش کے بعد بتایا ہے کہ جس گھر پر حملہ ہوا وہاں پر ہونے والی سرگرمیوں کے بارے میں علاقے کے مکینوں کو تحفظات تھے۔

ان کے مطابق اس گھرکو غیر اخلاقی اور قابل اعتراض مقاصد کے لیے استعمال کیا جاتا رہا ہے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ گھر کے مکینوں کو پہلے بھی علاقہ چھوڑنے کے لیے کہا گیا تھا لیکن وہ نہیں گئے جس کے باعث گذشتہ سال اس گھر پر دستی بم حملے کا واقعہ بھی پیش آیا تھا جس میں ایک خاتون سمیت تین افراد ہلاک ہو گئے تھے۔

گذشتہ سال دستی بم حملے میں ہلاک ہونے والے مرد مقامی تھے۔

پولیس کے مطابق دستی بم حملے کے بعد یہ گھر کچھ عرصے کے لیے بند ہوگیا تھا تاہم ایک ڈیڑھ ماہ بعد اس کے مکین واپس آگئے۔

پولیس نے بتایا کہ اس سلسلے میں تفتیش جاری ہے لیکن تاحال کوئی گرفتاری عمل میں نہیں آئی۔

اسی بارے میں