ایم کیو ایم نے دو ارکان کی رکنیت معطل کردی

متحدہ قومی موومنٹ کی عبوری رابطہ کمیٹی نے اعلان کیا ہے کہ تحلیل شدہ رابطہ کمیٹی کے اراکین سلیم شہزاد، رضاہارون اور آصف صدیقی کو نئی رابطہ کمیٹی میں شامل نہ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

عبوری رابطہ کمیٹی کے مطابق سلیم شہزاد، رضاہارون اور آصف صدیقی کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ آئندہ پارٹی کارکن کی حیثیت سے اپنے اپنے علاقوں میں کام کریں۔

عبوری رابطہ کمیٹی نے مزید کہا کہ تنظیمی نظم وضبط کی مسلسل خلاف ورزیوں کے پیش نظرسابقہ رابطہ کمیٹی کے رکن انیس احمد ایڈوکیٹ کو تمام تر تنظیمی ذمہ داریوں سے سبکدوش کردیا گیا ہے۔

اعلان کے مطابق انیس احمد ایڈوکیٹ کو تاہدایت ثانی گھر بیٹھنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ تمام تنظیمی عہدیداروں اور کارکنوں کو ہدایت کی جاتی ہے کہ وہ انیس احمد ایڈوکیٹ سے کسی بھی قسم کا رابطہ نہ رکھیں۔

اس سے قبل عبوری رابطہ کمیٹی نے سابق رکن قومی اسمبلی شمیم صدیقی اور ایم کیو ایم برطانیہ کے کارکن محمد احسن عرف چنوں کی بنیادی رکنیت فوری طور پر معطل کردی ہے۔

متحدہ قومی موومنٹ کی عبوری رابطہ کمیٹی نے اعلان کیا ہے کہ تنظیمی ڈسپلن کی خلاف ورزیوں کی شکایات کی اطلاعات پر سابق رکن قومی اسمبلی شمیم صدیقی اور ایم کیوایم برطانیہ کے کارکن محمد احسن عرف چنوں کی بنیادی رکنیت فوری طور پر معطل کردی گئی ہے۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ ان اطلاعات کی تحقیقات شروع کردی گئی ہیں۔ بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ ان افراد کی رکنیت بحال کرنے یا نہ کرنے کا فیصلہ حتمی تحقیقاتی رپورٹس کی روشنی میں کیا جائے گا۔

عبوری رابطہ کمیٹی نے واضح کیا کہ شمیم صدیقی اور محمد احسن کے کاروباری یا لین دین کے معاملات سے ایم کیوایم کا کوئی تعلق نہیں ہے اور نہ ہی ایم کیوایم ان معاملات کی ذمہ دار ہوگی۔

دوسری جانبب ایم کیوایم کے قائد الطاف حسین نے ایک بیان میں کہا ہے کہ جماعت میں تطہیر اور تنظیم نو کا عمل معمول کا حصہ ہے۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ ایم کیوایم میں تطہیر اور تنظیم نو کا عمل معمول کا حصہ ہے لیکن ایم کیوایم دشمن عناصر منفی پروپیگنڈہ کرکے اس تطہیری عمل کو غلط رنگ دینے کی کوشش کررہے ہیں۔

ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین نے نئی رابطہ کمیٹی کے ناموں کا علان کیا۔ ڈاکٹر خالد مقبول، ڈاکٹر نصرت اور ناصر جمال نئی رابطہ کمیٹی کے ڈپٹی کنوینرز منتخب ہوئے ہیں۔

لندن سے ندیم نصرت رابطہ کمیٹی کے نئے ڈپٹی کنوینر ہوں گے جبکہ ڈاکٹر صفیر احمد ،عامر خان ،کنور نوید ،واسع جلیل، نسرین جلیل، ممتاز انور، حیدر عباس رضوی رابطہ کمیٹی کے نئے اراکین ہیں۔

الطاف حسین نے کہا کہ یہ امر افسوس ناک ہے کہ ایم کیو ایم کے لوگ پلاٹ، چائنا کٹنگ اور ان گنت ایسی چیزوں میں ملوث ہوگئے جن کا تحریک اور تنظیم سے دوردور تک واسطہ نہیں ہے۔

اسی بارے میں