ٹرین اور رکشہ میں تصادم، بارہ مسافر ہلاک

پاکستان کے صوبہ پنجاب کے شہر شیخوپورہ کے قریب ٹرین اور موٹر سائیکل رکشہ میں تصادم کے نتیجے میں کم از کم بارہ افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔

پاکستان کے سرکاری ذرایع ابلاغ کے مطابق حادثہ سنیچر کو ضلع شیخوپرہ کے علاقے خانپور میں پیش آیا۔

پولیس کے سینیئر افسر ہمایوں تارڑ نے امریکی خبر رساں ادارے اے پی سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ رکشہ ڈرائیور ریلوے پھاٹک سے گزرتے ہوئے قریب آتی ٹرین کو نہیں دیکھ سکا اور اس کے نتیجے میں ٹرین رکشہ سے ٹکرا گئی۔

حکام کے مطابق ہلاک ہونے بارہ افراد میں دو خواتین اور بچے بھی شامل ہیں جبکہ دو زخمیوں کی حالت نازک ہے۔

حادثے کے بعد امدادی کارکنوں کے پہنچنے سے پہلے ہی زیادہ تر افراد ہلاک ہو چکے تھے۔

پاکستان میں اس سے قبل بھی ریلوے پھاٹک پر اسی نوعیت کے حادثات ہوتے رہے ہیں۔

پاکستان میں سینکڑوں کی تعداد میں ایسے ریلوے پھاٹک ہیں جنہیں ٹرین کی آمد کے وقت بند کرنے کے لیے اہلکار تعینات نہیں ہیں جس کی وجہ سے مسافر بردار گاڑیاں حادثات کا شکار ہو جاتی ہیں۔

اسی بارے میں