صدارتی انتخابات چھ اگست کو ہوں گے: الیکشن کمیشن

پاکستان کے الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ صدارتی انتخابات چھ اگست کو ہوں گے اور کمیشن نتائج کا اعلان سات اگست کو کرے گا۔

الیکشن کمیشن کے ترجمان خورشید عالم نے بی بی سی کو بتایا کہ صدارتی انتخابات کے لیے تاریخ کی سمری چیف الیکشن کمشنر جسٹس ریٹائرڈ فخرالدین جی ابراہیم کو بھجوائی گئی تھی جس کو منظوری چیف الیکشن کمشنر نے دے دی ہے۔

الیکشن کمیشن کے مطابق کاغذات نامزدگی 24 جولائی کو جمع کرائے جائیں گے۔ کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال 26 جولائی کو کی جائے گی جبکہ کاغذات واپس لینے کی آخری تاریخ 29 جولائی ہو گی۔

کمیشن کے مطابق انتخابات چھ اگست کو ہوں گے جب کہ نتائج کا اعلان سات اگست کو کیا جائے گا۔

واضح رہے کہ صدر مملکت آصف علی زرداری کے عہدۂ صدارت کی مدت اس سال آٹھ ستمبر کو مکمل ہو رہی ہے۔

آصف علی زرداری چھ ستمبر 2008 کو صدر منتخب ہوئے تھے۔ انھوں نے 481، مسلم لیگ(ن) کے جسٹس (ر) سعید الزماں صدیقی نے 153 جبکہ مسلم لیگ (ق) کے امیدوار سید مشاہد حسین نے 44 ووٹ حاصل کیے تھے۔

آصف علی زرداری کو قومی اسمبلی اور سینیٹ سے 281، پنجاب اسمبلی سے 22، سندھ اسمبلی سے 63، سرحد اسمبلی سے 56 جبکہ بلوچستان اسمبلی سے 59 ووٹ ملے۔

یاد رہے کہ صدر آصف علی زرداری نے اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ رواں سال کے آخر سے وہ ایک بار پھر میدان میں آئیں گے اور اس مرتبہ ان کے تینوں بچے بھی سیاست میں اپنا کردار ادا کریں گے۔

الیکشن کمیشن کے مطابق یہ پہلا موقع ہے کہ صدر اپنی آئینی مدت پوری کریں گے اور ایک صدر کے ہوتے ہوئے دوسرے صدر کا انتخاب کیا جائے گا۔

دوسری جانب الیکشن کمیشن نے اعلان کیا ہے کہ ضمنی انتخابات 22 اگست کو کرائے جائیں گے۔

اسی بارے میں