مستونگ:خواتین کے شاپنگ سینٹر میں دھماکہ

Image caption یہ دھماکہ بدھ کوکوئٹہ سے جنوب میں چالیس کلومیٹر دور مستونگ شہر میں ہوا

پاکستان کے صوبہ بلوچستان کے شہر مستونگ میں خواتین کے ایک شاپنگ سینٹر میں ہونے والے دھماکے سے کم از کم ایک بچی ہلاک اور آٹھ سے زائد خواتین اور بچے زخمی ہو گئے ہیں۔

یہ دھماکہ بدھ کوکوئٹہ سے جنوب میں چالیس کلومیٹر دور مستونگ شہر میں ہوا۔

ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر مستونگ عبدالحئی عامر نے فون پر بی بی سی کے نامہ نگار کو بتایا کہ کوئٹہ شہر سے چالیس کلومیٹر دور شہر مستونگ کے جس خریداری مرکز میں دھماکہ ہوا۔

انھوں نے کہا کہ نامعلوم افراد نے اس شاپنگ سینٹر میں ایک دیسی ساختہ بم نصب کیا تھا اور دوپہر کے قریب دھماکے کے وقت شاپنگ سینٹر میں خواتین اور بچے عید کی خریداری میں مصروف تھے۔

پولیس اہلکار عبدالحئی عامر کے مطابق اس واقعے میں کم از کم ایک گیارہ سالہ لڑکی ہلاک اور آٹھ سے زائد خواتین اور بچے زخمی ہوئے ہیں جن میں سے دو کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے اور انھیں کوئٹہ منتقل کر دیا گیا ہے۔

انھوں نے بتایا کہ دھماکے کے وقت شاپنگ سینٹر میں دھماکے کے وقت رش کم تھا جس کی وجہ سے جانی نقصان کم ہوا۔

دوسری جانب تربت کے علاقے میں نامعلوم مسلح افراد کی فائرنگ سے بلوچی زبان کے گلو کار کچکول بہار ہلاک ہو گئے۔

جب تربت میں لیویز فورس کے حکام سے ان کے قتل کی وجوہات کے بارے میں پوچھا گیا تو ان کا کہنا تھا کہ تاحال ان کے قتل کی وجوہات سامنے نہیں آئی ہیں اور نہ ہی ان کے رشتہ داروں نے کسی پر شک و شبہ کا اظہار کیا ہے۔

اسی بارے میں