ایکسپریس نیوز کے دفتر پر فائرنگ، دو زخمی

فائرنگ کے واقعے میں ایک خاتون ورکر اور گارڈ زخمی ہوئے۔
Image caption فائرنگ کے واقعے میں ایک خاتون ورکر اور گارڈ زخمی ہوئے۔ (تصویر: بشکریہ ایکسپریس نیوز)

کراچی میں نجی اخبار اور ٹی وی چینل ایکسپریس نیوز کے دفتر پر نامعلوم مسلح افراد کی جانب سے فائرنگ کے نتیجے میں ایک خاتون ورکر اور گارڈ زخمی ہوگئے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق کراچی میں ادارے کے دفتر پر دو موٹر سائیکلوں پر سوار 4 نامعلوم مسلح افراد کی جانب سے اندھا دھند فائرنگ کی گئی جس کے نتیجے میں خاتون ورکر اور گارڈ میر علی زخمی ہوگئے۔ زخمیوں کو قریبی ہسپتال منتقل کردیا گیا جبکہ عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ نامعلوم افراد کی جانب سے 20 سے 25 فائر کیے گئے اور فائرنگ کے بعد چاروں افراد بلوچ کالونی کی جانب فرار ہوگئے۔

ادارے کی جانب سے رابطہ کرنے کے باوجود پولیس پون گھنٹے تاخیر سے جائے وقوعہ پر پہنچی۔

وزیراعظم نواز شریف نے ایکسپریس نیوز کے دفتر پر حملے کی مذمت کی ہے اور حکام کو ہدایت کی ہے کہ وہ تحقیقاتی رپورٹ جلد پیش کریں۔

وزیراعلیٰ سید قائم علی شاہ نے بھی متعلقہ اداروں سے واقعے کی رپورٹ طلب کی ہے اور انہوں نے انتظامیہ سے ایکسپریس نیوز کے آفس کے باہر سیکیورٹی بڑھانے کی ہدایت کی ہے۔

اسی بارے میں