پاکستانی کو سزائے موت نہ دینے کی اپیل

حقوق انسانی کی بین الاقوامی تنظیم ایمنٹسی انٹرنیشل نے انڈونیشیا میں منشیات رکھنے کے الزام میں ایک پاکستانی شہری کو سزائے موت نہ دینے کی اپیل کی ہے۔

ٹیکسٹائل سے وابستہ ذوالفقار علی کو جو سال دو ہزار میں انڈونیشیا آئے تھے چار برس بعد اکیس نومبر کو مغربی جاوا صوبے میں ان کے گھر سے گرفتار کیا گیا تھا۔ تاہم تنظیم نے یہ نہیں بتایا کہ ذوالفقار علی کا تعلق پاکستان کے کس علاقے سے ہے۔

ان پر بنتین صوبے کی تنگرنگ ضلعی عدالت میں تین سو گرام ہیروئن رکھنے کے الزام میں مقدمہ چلایا گیا۔ انھیں پانچ ماہ بعد چودہ جون کو اسی عدالت نے سزائے موت سنائی۔

اسلام آباد سے بی بی سی کے نامہ نگار کے مطابق ایمنسٹی انٹرنیشنل کے سزائے موت کے خلاف ایشیا نیٹ ورک کے پلیٹ فارم سے جاری ایک بیان میں الزام عائد کیا گیا ہے کہ عدالت نے ایک عینی شاہد کا بیان محض اس لیے مسترد کر دیا کیونکہ اس بیان پر تاریخ نہیں تھی۔ اس گواہ کے مطابق یہ منشیات ذوالفقار علی کی نہیں تھیں۔

عدالتی کارروائی کے آغاز سے قبل بھی ذوالفقار علی کو وکیل مہیا نہیں کیا گیا۔

بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ وکیل کی فراہمی کسی بھی سماعت کے منصفانہ ہونے کی بنیاد ہوتی ہے، وکیل کی غیرموجودگی میں ذوالفقار اپنا مناسب دفاع تیار نہیں کر سکے۔

ویانا کنوینشن کی خلاف ورزی کرتے ہوئے انھیں گرفتاری اور سماعت کے دوران پاکستانی سفارت خانے سے رابطہ بھی نہیں کرنے دیا گیا۔

تنظیم کے مطابق ذوالفقار کو گرفتاری کے ایک ماہ بعد وکیل فراہم کیا گیا اور انھوں نے اس دوران پولیس کی جانب سے دو ماہ تک روزانہ زدوکوب ہونے کا الزام عائد کیا ہے۔

ایمنٹسی انٹرنیشل کا کہنا ہے کہ ان کے ساتھ اقبال جرم تک بدسلوکی کی گئی، انھیں اس مار پیٹ کی وجہ سے سرجری کروانی پڑی اور ان کی صحت اب بھی کافی تشویش ناک ہے۔

ہائی کورٹ اور سپریم کورٹ نے ذوالفقار کی اپیلیں مسترد کر دی ہیں اور اب ان کی ایک امید انڈونیشیا کے صدر ہیں جو انھیں موت سے بچا سکتے ہیں۔

مرکزی جاوا کی کڈونگ جیل میں قید ذوالفقار کے مقدمے کے بارے میں ایمنسٹی کا کہنا ہے کہ ان کے خلاف کوئی ٹھوس ثبوت پیش نہیں کیا گیا ہے۔

ایمنسٹی نے ان کے ان کے مقدمے کی دوبارہ بین الاقوامی معیار کے مطابق چلانے کی اپیل بھی کی ہے۔

تنظیم نے لوگوں سے انڈونیشیا کے اٹارنی جنرل سلطان حسن الدین کو اس پتے پر اپیل بھیجنے کے لیے کہا ہے۔

پتہ :۔

Kebayoran Baru

Jakarta Selatan 12160

Indonesia

Fax: +62 21 725 0213 / +62 21 739 2576

اسی بارے میں