شمالی وزیرستان: ڈرون حملے میں چار افراد ہلاک

پاکستان کے قبائلی علاقے شمالی وزیرستان کی تحصیل غلام خان کے علاقے درگو منڈی میں امریکی ڈرون طیارے کے ایک حملے میں چار افراد ہلاک ہو گئے۔

مقامی ذرائع نے بی بی سی کو بتایا کہ امریکی جاسوس طیارے نے پاکستان افغانستان سرحد سے پانچ کلو میٹر دور درگو منڈی میں ایک گھر کو نشانہ بنایا۔

ذرائع کے مطابق امریکی جاسوس طیارے نے ایک گھر پر دو میزائل داغے جس کے نتیجے میں چار افراد ہلاک ہوئے۔

خیال رہے کہ گزشتہ ماہ 31 اگست کو بھی پاکستان کے قبائلی علاقے شمالی وزیرستان میں امریکی جاسوس طیارے کے حملے میں کم از کم تین افراد ہلاک اور دو زخمی ہو گئے تھے۔

یہ حملہ شمالی وزیرستان کی تحصیل میر علی کے علاقے مسوکئی میں ہوا تھا۔

شمالی وزیرستان: ڈرون حملے میں تین ہلاک

ڈرون حملے نہیں رکیں گے، سٹریٹیجک ڈائیلاگ بحال

یہ ڈرون حملہ ایک ایسے وقت پر ہوا تھا جب ایک اعلیٰ سرکاری عہدیدار نے بی بی سی کے ساتھ بات کرتے ہوئے حکومت اور پاکستانی طالبان کے درمیان مذاکرات کی تصدیق کرتے ہوئے کہا تھا ’ان سے پہلے ہی فائدہ ہونا شروع ہوگیا ہے‘۔

پاکستان میں حکومت کی جانب سے سرکاری طور پر ڈرون حملوں کے خلاف احتجاج کیا جاتا ہے اور اسے ملکی سالمیت کی اصولی خلاف ورزی اور دہشتگردی کے خلاف جنگ میں فائدے سے زیادہ نقصان پہنچانے والا حربہ قرار دیا جاتا ہے جبکہ امریکہ ڈرون حملوں کے استعمال کو منصفانہ جنگ قرار دیتا ہے۔

گزشتہ ماہ کے آغاز میں امریکہ کے وزیر خارجہ جان کیری کے دورۂ پاکستان کے دوران دونوں ممالک نے مذاکرات کی بحالی کا اعلان کیا تھا۔

موجودہ حکومت میں یہ کسی بڑے امریکی عہدیدار کا پاکستان کا پہلا دورہ تھا اور اس میں جان کیری نے کہا تھا کہ ڈرون حملے نہیں رکیں گے۔

ملک میں نئی حکومت کے قیام کے بعد ہونے والا پہلا ڈرون حملہ سات جون کو شمالی وزیرستان میں ہوا تھا اور اس حملے میں سات افراد ہلاک ہوئے تھے۔

اس حملے کے بعد پاکستان نے امریکی سفارت خانے کے ناظم الامور کو دفتر خارجہ طلب کر کے احتجاج کیا تھا اور ڈرون حملے بند کرنے کا مطالبہ کیا تھا۔

پاکستان میں امریکی ڈرون طیاروں کے میزائل حملوں کا سلسلہ کئی برس سے جاری ہے اور اس میں جہاں تحریکِ طالبان پاکستان کے سربراہ بیت اللہ محسود، نائب امیر ولی الرحمن، اہم کمانڈر مولوی نذیر اور قاری حسین کے علاوہ القاعدہ کے کئی اہم رہنما مارے گئے ہیں وہاں عام شہری بھی ہلاک ہوئے ہیں۔

اسی بارے میں