بلوچستان: نیٹو کے متعدد ٹینکر نذرِ آتش

Image caption نیٹو کو رسد کی ترسیل کے دو راستے کراچی خضدا ر اور کراچی بولان بلوچستان سے گزرتے ہیں

کراچی کے قریب بلوچستان کے صنعتی ٹاؤن حب میں افغانستان میں نیٹو فورسز کے لئے ایندھن لے جانے والے آئل ٹینکروں پر مبینہ حملے میں کم از کم 8 ٹینکر تباہ ہوگئے۔

حب پولیس کے مطابق کراچی سے تیل لیکر کم از کم پندرہ آئل ٹینکر حب ٹاؤن سے کچھ فاصلے پر پیش آیا جب یہ ٹینکرز ایک ہوٹل پر کھڑے تھے کہ ان میں اچانک آگ بھڑک اٹھی۔

آگ نے فوری طور پر متعدد آئل ٹینکروں کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔

ابتدائی طور یہ بتایا گیا کہ آئل ٹینکروں میں آگ راکٹ حملے کی وجہ سے بھڑک اٹھی مگر لسبیلہ کے ڈسٹرکٹ پولیس افسر نور احمد چیمہ نے بی بی سی سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ یہ کہنا قبل از وقت ہوگاکہ یہ حملہ راکٹ سے کیا گیا۔

نور احمد چیمہ نے بتایا کہ ابتدائی اندازے کے مطابق آگ کے باعث 8ٹینکر جل گئے لیکن آگ پر قابو پانے کے بعد ہی صحیح تعداد کے بارے میں بتایا جاسکتا ہے۔

اس حملے میں کسی جانی نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوئی ہے۔

بلوچستان میں گزشتہ 48گھنٹوں میں یہ نیٹو آئل ٹینکروں پر یہ دوسرا حملہ ہے۔

اس سے قبل بلوچستان کے ضلع قلات میں نامعلوم افراد کی راکٹ حملے میں بھی 8آئل ٹینکر تباہ ہوگئے تھے۔

یاد رہے کہ بلوچستان سے دو راستوں کے زریعے افغانستان کے شہر قندہار اور جنوب مغربی علاقوں میں تعینات نیٹو افواج کے لئے رسد کی ترسیل ہوتی ہے۔

بلوچستان سے گزرنے والے ان دو راستوں میں کراچی خضدا ر اور کراچی بولان ہیں۔

اسی طرح گزشتہ اڑتالیس گھنٹوں میں بلوچستان میں تشدد کے تین مختلف واقعات میں دو پولیس اہلکاروں سمیت چار افراد ہلاک ہوگئے۔

پولیس اہلکاروں کی ہلاکت کا یہ واقعہ ضلع خضدار میں پیش آیا جہاں پولیس کے مطابق سینیچر کی شب خضدار شہر میں میونسپل چوک پر سی آئی ڈی پولیس سے تعلق رکھنے والے دو اہلکاروں کو نامعلوم افراد نے نشانہ بنایا۔

فائرنگ سے دونوں پولیس اہلکار شدید زخمی ہوگئے جنہیں خضدار ہسپتال منتقل کیا گیا لیکن دونوں زخموں کی تاب نہ لاکر چل بسے۔

ہلاک ہونے میں والوں سے ایک اے ایس آئی جبکہ دوسرا ہیڈ کانسٹیبل تھا۔

اسی طرح کوئٹہ کے قریب مستونگ شہر میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے ایک شخص ہلاک ہوگیا۔

مستونگ پولیس کے ایک اہلکار نے بتایا کہ ہلاک ہونے والا شخص ایک مدرسے کا طالب علم تھا۔

دوسری جانب ضلع کیچ کے ہیڈ کوارٹر تربت میں فائرنگ سے ایک شخص ہلاک ہوگیا۔

تربت پولیس کے مطابق ہلاک ہونے والے شخص کو زبیدہ جلال روڈ پر دو نامعلوم موٹر سائیکل سواروں نے فائرنگ کرکے ہلاک کیا۔