’دہشتگرد‘ موٹر سائیکل سےگر کر ہلاک

Image caption دھماکے کے بعد پولیس اور رینجرز نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا

پاکستان کے سب سے بڑے شہر کراچی میں ایک دھماکے میں دو مبینہ دہشتگرد ہلاک ہوگئے ہیں۔

کراچی پولیس کے مطابق یہ واقعہ اورنگی کے علاقے میں جمعرات کی شب پیش آیا۔

اورنگی پولیس کے ایس پی چوہدری اسد کا کہنا ہے کہ دو مبینہ دہشت گرد موٹر سائیکل پر دھماکہ خیز مواد کے ہمراہ جا رہے تھے کہ حادثاتی طور پر موٹر سائیکل سے گر گئے۔

ان کے مطابق موٹرسائیکل گرنے کی وجہ سے دھماکہ خیز مواد پھٹ گیا اور یہ دونوں افراد ہلاک ہوگئے۔

ایس پی کا کہنا تھا کہ یہ تاحال واضح نہیں کہ ہلاک ہونے والے افراد دھماکہ خیز مواد کہیں منتقل کر رہے تھے یا وہ کسی ہدف کو نشانہ بنانے کے لیے نکلے تھے۔

ہلاک ہونے والے افراد کی شناخت کے بارے میں بھی کچھ نہیں بتایا گیا۔

اس دھماکے کے بعد پولیس اور رینجرز نے اورنگی کے علاقے منگھو پیر کالونی اور آس پاس کے علاقوں کو گھیرے میں لے لیا ہے۔

اسی بارے میں