پرویز مشرف کے پاکستان چھوڑنے پر پابندی رہے گی: چوہدری نثار

Image caption وزیرِ داخلہ نے بتایا کہ دو ہزار غیر قانونی سفارتی پاسپورٹ منسوخ کیے جائیں گے

پاکستان کے وزیرِ داخلہ چوہدری نثار علی خان نے کہا ہے کہ جب تک عدالتی حکم نہیں دیا جائے گا، سابق فوجی صدر پرویز مشرف کے ملک سے باہر جانے پر پابندی برقرار رہے گی۔

وزیرِ داخلہ کا کہنا تھا کہ انہوں نے وفاقی تحقیقاتی ادارے ایف آئی اے کو ہدایات جاری کی ہیں کہ صدر مشرف کے خلاف غداری کے ممکنہ مقدمے کی تفتیش جلد مکمل کر کے رپورٹ پیش کی جائے۔

سابق صدر پرویز مشرف کا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ پر موجود ہے۔ یاد رہے کہ حال ہی میں دارالحکومت اسلام آباد میں ایک عدالت نے غازی عبد الرشید قتل کیس میں پرویز مشرف کے خلاف چودہ روزہ عدالتی ریمانڈ جاری کیا ہے۔

اس سے پہلے عدالت نے پرویز مشرف کو پانچ روزہ ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کرنے سے انکار کر دیا تھا۔

نامہ نگار شہزاد ملک کے مطابق مجسٹریٹ نے کہا تھا کہ ریمانڈ صرف ملزم کی موجودگی میں دیا جاتا ہے اور انھوں نے پولیس کو حکم جاری کیا کہ وہ پرویز مشرف کو عدالت میں پیش کریں۔

یاد رہے کہ اسلام آباد ہائی کورٹ نے لال مسجد کیس میں پرویز مشرف کا نام ای سی ایل میں شامل کرنے سے متعلق دائر درخواست پر اپنا فیصلہ محفوظ کر لیا تھا۔

یہ درخواست لال مسجد کے نائب مہتمم غازی عبدالرشید کے بیٹے نے دائر کی تھی جس کی سماعت جمعے کو ہوئی اور اس کا فیصلہ اسلام آباد ہائی کورٹ کے قائم مقام چیف جسٹس ریاض احمد خان نے محفوظ کیا۔

واضح رہے کہ پرویز مشرف کے خلاف غداری کا مقدمہ درج کرنے کے لیے دائر درخواستوں پر سپریم کورٹ نے ان کا نام ای سی ایل میں ڈالنے کا حکم جاری کیا تھا۔

اس سے قبل جمعرات کو سابق فوجی صدر پرویز مشرف کو لال مسجد کیس میں باقاعدہ طور پر گرفتار کیا گیا تھا۔

وزیرِ داخلہ نے کہا کہ پاسپورٹ اور امیگریشن محکمے میں چند بے ضابطگیاں پکڑی گئی ہیں جس کے بعد دو ہزار غیر قانونی سفارتی پاسپورٹ منسوخ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ چند ریٹائرڈ سرکاری افسران بھی ایسے غیر قانونی پاسپورٹ استعمال کر رہے ہیں۔

اس کے علاوہ وزیرِ داخلہ نے قومی ادارہ برائے احتساب کو ہدایت کی ہے کہ حکومتی اداروں میں مالی بدعنوانی کے چار سکینڈلز میں تفتیش کی رفتار بڑھائی جائے۔ ان چار سکینڈلز میں ای او بی آئی، ٹریڈنگ کارپوریشن آف پاکستان، اسلام آباد کے نئے ہوائی اڈے اور پاکستان سٹیٹ آئل شامل ہیں۔

اسی بارے میں