بابا گرو نانک کی سالگرہ، دنیا بھر سے سکھ پاکستان پہنچ رہے ہیں

Image caption سکھ مذہب کے بانی گرو نانک دیو کی پیدائش ننکانہ صاحب میں سنہ 1469 میں ہوئی تھی

سکھ مذہب کے بانی اور روحانی پیشوا بابا گرو نانک کے 545 ویں جنم دن کی رسومات میں شرکت کے لیے سکھ افراد ہزاروں کی تعداد میں پاکستان پہنچنا شروع ہو گئے ہیں۔

پاکستان کے سرکاری میڈیا ریڈیو پاکستان کے مطابق سکھوں کی بڑی تعداد بھارت اور دیگر ممالک سے پاکستان پہنچ رہی ہے جہاں وہ گرو نانک کے یوم پیدائش کی تین روزہ تقریب میں حصہ لیں گی۔

بھارت میں سکھوں کی اہم تنظیم شیرومنی گرودوارا پربندھک کمیٹی کے مطابق تنظیم کی نگرانی میں 774 افراد پر مبنی ایک گروپ پاکستان کے لیے روانہ ہوا ہے۔

اطلاعات کے مطابق سکھ مذہب کے پیروؤں کا یہ گروہ جمعہ کو ایک مخصوص ٹرین سے روانہ ہوا ہے۔

خبر رساں ادارے اے این آئی کے مطابق ایک سکھ عقیدت مند سرجیت کور نے روانگی سے قبل خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ’ہم بہت خوش ہیں کہ ہم لوگ اپنے پہلے گرو کی سالگرہ کے موقعے پر پاکستان جا رہے ہیں۔ ہمیں خوشی ہے کہ ہمیں ان عقیدت مندوں کے گروہ کے ساتھ پاکستان جانے کی اجازت ملی ہے۔‘

ایک دوسرے سکھ عقیدت مند ہرسول سنگھ نے کہا ’ہمیں خوشی ہے کہ ہم ننکانہ صاحب جا رہے ہیں لیکن ہمارے کچھ بھائی ایسے بھی ہیں جو ویزا نہ ملنے کے سبب وہاں جانے سے محروم رہ گئے۔‘

ایک ہندی اخبار کے مطابق سکھ عقیدت مندوں کا 60 افراد پر مشتمل ایک گروپ پاکستان کے لیے جموں کے گرودوارا بابا فتح سنگھ سے بس کے ذریعے جمعرات کو بھی روانہ ہوا۔

بھارتی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق سکھ عقیدت مندوں کے یہ تمام گروہ پہلے ننکانہ صاحب گرودوارے جائیں گے اور پھر وہاں سے سچا سودا گرودوارے اور پھر واپس ننکانہ صاحب آئیں گے جہاں 17 نومبر کو اتوار کے روز سکھ مذہب کے بانی گرو نانک کے یوم پیدائش کے سلسلے میں تقریب منعقد ہو رہی ہے۔

پاکستان کی حکومت نے اس موقعے پر سکھ یاتریوں کی سہولت کے لیے مخصوص انتظامات کیے ہیں جن میں ٹرانسپورٹیشن، سکیورٹی اور طبی سہولیات شامل ہیں۔

عام طور پر گرو پرب یا گرو نانک کے یوم پیدائش کی تقریبات کے سلسلے میں ہر سال بھارت کے علاوہ امریکہ ، کینیڈا، برطانیہ اور دیگر یورپی ممالک سے سکھ یاتری پاکستان جاتے ہیں۔

ریڈیو پاکستان کے مطابق سکھ یاتری اس دورے میں حسن ابدال بھی جائیں گے۔

دریں اثنا بھارتی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکی صدر براک اوباما نے گرو نانک دیو کی سالگرہ پر دنیا بھر کے سکھوں کو مبارکباد دی ہے اور کہا کہ مقدس گرو کا پیغام زمانے کی قید سے آزاد ہے۔

انھوں نے اپنے ایک پیغام میں کہا ’ہم امریکہ اور ساری دنیا میں موجود اپنے تمام سکھ دوستوں تک گرو نانک دیو جی کی سالگرہ کے موقعے پر نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہیں۔‘

اوباما نے کہا کہ سکھ مذہب میں مساوات، خدمت کے جذبے، ایک دوسرے کے تئیں پر اعتماد تعاون اور احترام کے جو اصول ہیں وہ امریکی جذبے سے ہم آہنگ ہیں۔

امریکہ میں مقیم سکھ برادری نے اوباما کے نیک خواہشات کے پیغام کا خیر مقدم کیا ہے۔

اسی بارے میں