دھرنے کا تیسرا دن، امریکی قونصلیٹ میں یادداشت

Image caption اتوار کو پشاور میں مبینہ طور پر پاکستان تحریکِ انصاف کے کارکنوں کی جانب سے ٹرک روکنے اور تلاشی کے الزام میں دو درجن کارکنوں کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا ہے

پاکستان کے صوبہ خیبرپختونخوا کے دارالحکومت پشاور میں امریکی ڈرون حملوں کے خلاف پاکستان تحریکِ انصاف کا احتجاجی دھرنا پیر کو تیسرے دن بھی جاری رہا جب کہ صوبائی وزرا ڈرون حملوں کے خلاف ایک یادداشت لے کر امریکی قونصلیٹ پہنچے۔

پیر کی صبح پشاور کے علاقے حیات آباد کے قریب رنگ روڈ کے ٹول پلازا پر تحریکِ انصاف کے کارکن نیٹو سپلائی کے کنٹینروں کو روکنے کے لیے موجود ہیں۔

تاہم اب تک کسی کنٹینر کے روکے جانے کی اطلاع نہیں ہے۔ اطلاعات ہیں کہ ان کنٹینروں کو یا تو پہلے ہی کسی مقام پر روک دیا گیا ہے یا پھر وہ روانہ ہی نہیں ہوئے۔

ڈرون حملوں کے خلاف پی ٹی آئی کا دھرنا: تصاویر

’عمران خان پوائنٹ سکورنگ میں آگے نکل گئے‘

صوبہ خیبر پختونخوا کے صوبائی وزرا نے امریکی قونصلیٹ میں احتجاجی یادداشت جمع کروائی جس میں پاکستان کی حدود میں امریکی ڈرون حملوں کی مذمت کی گئی ہے۔ اس موقع پر صوبے میں پاکستان تحریکِ انصاف کی اتحادی جماعتوں کے رہنما بھی موجود تھے۔

اتوار کو پشاور میں پاکستان تحریکِ انصاف کے کارکنوں کی جانب سے مبینہ طور پر ٹرک روکنے اور کی تلاشی کے الزام میں دو درجن کارکنوں کے خلاف مقدمہ بھی درج کر لیا گیا ہے۔ پشتخرا تھانے میں درج ہونے والی ایف آئی آر میں کسی کو نامزد نہیں کیا گیا بلکہ یہ مقدمہ نامعلوم افراد کے خلاف درج کیا گیا ہے۔

پشاور کے رنگ روڈ پر موجود پاکستان تحریکِ انصاف کے درجنوں کارکنوں کا کہنا ہے کہ ان کی قیادت کی جانب سے کسی نئی ہدایت تک یہ دھرنا جاری رہے گا۔

پاکستان تحریکِ انصاف نے اعلان کیا تھا کہ وہ اتوار سے افغانستان میں تعینات نیٹو افواج کے لیے پاکستان کے صوبہ خیبر پختونخوا سے جانے والی رسد کے راستوں پر اتوار کی رات سے منتخب جگہوں پر نیٹو کنٹینروں کو روکیں گے۔

جماعت کی مرکزی سیکریٹری برائے اطلاعات شیرین مزاری کی جانب سے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ تحریک انصاف اور اتحادی جماعتوں کے کارکنوں کی جانب سے خیبر پختونخوا کے داخلی اور خارجی راستوں پر کنٹینروں کی آمد و رفت روکی جائے گی اور یہ بندش غیر معینہ مدت کے لیے ہو گی۔

بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ اگرچہ کارکن مختلف مقامات پر نیٹو کے کنٹینروں کو روکیں گے تاہم مرکزی بندش حیات آباد ٹول پلازا کے قریب رنگ روڈ پر ہو گی۔

فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق ایک سینیئر پولیس اہلکار محمد فیصل کا کہنا ہے کہ ’تحریک انصاف کے کارکن سامان کی تلاشی اور دستاویزات چیک کر کے غیر قانونی اقدام کر رہے ہیں لیکن ہمارے پاس ان کارکنوں کو روکنے کا اختیار نہیں ہے۔‘

ادھر میڈیا سیل تحریک انصاف خیبر پختونخوا سے جاری ہونے والے ایک بیان میں تحریک انصاف کے صوبائی ترجمان اشتیاق ارمڑ نے کہا ہے کہ رسد روکنے کے لیے صوبے میں پانچ اضلاع میں دھرنے دیے جائیں گے جن پشاور میں حیات آباد ٹول پلازا کے علاوہ خیر آباد پل، صوابی اور چارسدہ میں موٹر وے انٹر چینج اور ڈیرہ اسماعیل خان ٹول پلازا شامل ہیں۔

اسی بارے میں