خرم دستگیر نجکاری بورڈ کے چیئرمین کے عہدے سے علیحدہ

Image caption خرم دستگیر پاکستان کو جی ایس پی پلس کا درجہ ملنے کے بعد اب اپنی توجہ وزارتِ تجارت پر مرکوز کریں گے

مسلم لیگ نون کی حکومت میں شامل وزیرِ مملکت برائے تجارت وٹیکسٹائل خرم دستگیر نے نجکاری بورڈ کے چیئرمین کا عہدہ چھوڑ دیا ہے۔ اس عہدے پر وزیراعظم کے مشیر برائے نجکاری محمد زبیر عمر کو تعینات کیا گیا ہے۔

محمد زبیر مسلم لیگ نون کی حکومت کے اقتصادی معاملات کے تھنک ٹینک کے اہم رکن ہیں اور تحریک انصاف کے معروف رہنما اسد عمر کے بھائی ہیں۔

محمد زبیر مسلم لیگ نون کی حکومت کی نجکاری پالیسی کے روح رواں تصور کیے جاتے ہیں۔

دوسری جانب خرم دستگیر نے اپنے استعفے کے حوالے سے خبروں پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ انہوں نے نجکاری کمیشن کے چیئرمین کے طور پر استعفے نہیں دیا بلکہ انہوں نے اس کا چارج چھوڑ دیا ہے۔

یاد رہے کہ آٹھ سے نو اراکین پر مشتمل نجکاری کمیشن بورڈ کی معیاد بھی دو ماہ پہلے ختم ہو چکی ہے جس کے لیے نئے ناموں کا اعلان بھی جلد ہی متوقع ہے۔

ریڈیو پاکستان کے مطابق خرم دستگیر پاکستان کو جی ایس پی پلس کا درجہ ملنے کے بعد اب اپنی توجہ وزارتِ تجارت پر مرکوز کریں گے جہاں ان کی ترجیح یورپی ممالک میں پاکستانی برآمدات میں اضافہ کرنا ہوگا۔

اسی بارے میں