پاکستان کو قرض کی دوسری قسط مل گئی

Image caption آئی ایم ایف نے پاکستان کو پانچ ارب 30 کروڑ ڈالر کا قرض دینے پر رضامندی ظاہر کی تھی

پاکستان کے مرکزی بینک کے مطابق عالمی مالیاتی ادارے (آئی ایم ایف) کی جانب سے پاکستان کو قرض کی دوسری قسط مل گئی ہے۔

مرکزی بینک کے ایک ترجمان کے مطابق پاکستان نے منگل کو آئی ایم ایف سے 554 ملین ڈالر کا قرض وصول کیا۔

ریڈیو پاکستان کے مطابق آئی ایم ایف نے فنڈز کی فراہمی کے پروگرام کے تحت پاکستان کے لیے 6.7 بلین ڈالر کے مجموعی قرضے کی منظوری دی تھی اور اس قرضے کی پہلی قسط گزشتہ ستمبر میں جاری کی گئی تھی۔

خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق آئی ایم ایف کے ڈپٹی مینیجنگ ڈائریکٹر نعمت شفیق نے پاکستان کو متنبہ کرتے ہوئے کہا کہ وہ معیشت میں اصلاحات اور ٹیسکوں کی وصولی کے بارے میں اپنی کوششیں جاری رکھے۔

اس سے قبل آئی ایم ایف نے پاکستان کو 540 ملین ڈالر کی رقم دی تھی اور ادارے نے نومبر میں پاکستانی معیشت میں اصلاحات کے بارے میں کہا تھا کہ یہ کافی حد تک درست سمت میں جا رہی ہیں۔

خیال رہے کہ چار جولائی سنہ 2013 کو آئی ایم ایف نے پاکستان کو پانچ ارب 30 کروڑ ڈالر کا قرض دینے پر رضامندی ظاہر کی تھی جس کے بدلے پاکستان کو اپنے ٹیکس نظام میں اصلاحات اور سبسڈی کے خاتمے سمیت بعض مشکل فیصلے کرنے کا کہا گیا تھا۔

اس قرض کی منظوری کا اعلان کرتے ہوئے آئی ایم ایف نے کہا تھا کہ یہ رقم آئندہ تین سال میں پاکستان کو ادا کر دی جائے گی۔

اسی بارے میں