پاکستان عراقی فضائیہ کو تربیت فراہم کرے گا

تصویر کے کاپی رائٹ bbc
Image caption عراقی فضائیہ کے ہوا بازوں کو جدید فضائی جنگ کی تربیت فراہم کرے گا

پاکستان نے عراق کے ساتھ ایک معاہدے پر دستخط کیے ہیں جس کے تحت پاکستان عراق کو سپر مشاق تربیتی طیارے اور عراقی فضائیہ کے ہوا بازوں کو جدید فضائی جنگ کی تربیت فراہم کرے گا۔

اسلام آباد میں وزیر اعظم نواز شریف نے عراقی فضائیہ کے کمانڈر جنرل انور حماد امین احمد احمد سے ملاقات میں کہا کہ پاکستان عراق فضائیہ کو تربیت اور تعمیر کے شعبوں میں مدد فراہم کر سکتی ہے۔

وزیر اعظم نے کہا کہ پاکستان فضائیہ کو برادر اسلامی ملکوں کے ہوا بازوں کو تربیت فراہم کرنے کا وسیع تجربہ ہے اور یہ عراق کو اپنی فضائیہ جدید خطوط پر تعمیر کرنے میں مدد کر سکتی ہے۔

دفاعی پیداوار کے وفاقی وزیر رعنا تنویر اور پاکستان کی فضائیہ کے سربراہ ایئر چیف مارشل طاہر رفیق بٹ بھی اس موقع پر موجود تھے۔

اس موقع پر پاکستان اور عراق کی فضائیہ نے دو معاہدوں پر دستخط کیے۔ ایک معاہدے کے تحت پاکستان میں بنائے جانے والے سپر مشاق تربیتی طیارے عراقی فضائیہ کو فراہم کیے جائیں گے جبکہ دوسرے معاہدے کے تحت عراق کے فضائی دفاع کے عملے کو پاکستان فضائیہ فضائی دفاع اور جنگ کے جدید تقاظوں سے روشناس کریں گے اور ان کے ہوا بازوں کی تریبت کرے گی۔