کیچ: ڈپٹی کمشنر سمیت آٹھ مغویوں کی رہائی

فائل فوٹو تصویر کے کاپی رائٹ Getty
Image caption اغوا کی ذمہ داری کالعدم عسکریت پسند تنظیم بلوچستان لبریشن فرنٹ نے قبول کی تھی

پاکستان کے صوبہ بلوچستان میں حکام نے ایران سے متصل ضلع کیچ سے اغوا ہونے والے ڈپٹی کمشنر اور دو اسسٹنٹ کمشنروں سمیت آٹھ مغویوں کی رہائی کی تصدیق کر دی ہے۔

سرکاری افسران کے اغوا کے یہ واقعات 13 اور 14 فروری کو پیش آئے تھے۔

بلوچستان: ڈپٹی کمشنر اور اسسٹنٹ کمشنر کا اغوا

ڈپٹی کمشنر کیچ عبدالحمید ابڑو اور اسسٹنٹ کمشنر تمپ حسین بلوچ کو اس وقت اغوا کیا گیا تھا جب وہ جمعرات کو ایرانی حکام سے ایک ملاقات کے بعد واپس کیچ آ رہے تھے۔

ان دونوں افسران کی رہائی کے لئے کوششیں کرنے والے مزید 6 افراد کو بھی اس واقعے کے ایک روز بعد اغوا کر لیا گیا تھا اور دوسرے روز اغوا ہونے والوں میں اسسٹنٹ کمشنر دشت اور ایک قبائلی شخصیت بھی شامل تھے۔

ان تمام افراد کے اغوا کی ذمہ داری کالعدم عسکریت پسند تنظیم بلوچستان لبریشن فرنٹ نے قبول کی تھی۔

تنظیم کی جانب سے مغوی افسران کے لیے اغوا کی بجائے گرفتاری کا لفظ استعمال کرتے ہوئے کہا گیا تھا کہ ان افراد کو مبینہ ڈیتھ سکواڈ سے معاونت کے بارے میں تفتیش کرنے کے لیے پکڑا گیا۔

تنظیم کی جانب سے سنیچر کو جاری ہونے والے بیان کے مطابق تمام مغوی افراد کو چھوڑ دیا گیا ہے تاہم حکام نے ابتدائی طور پر 8 میں سے 5 مغویوں کی بازیابی کی تصدیق کی تھی۔

لیویز حکام نے سنیچر کی شب بقیہ تین افراد کی رہائی کی بھی تصدیق کی ہے۔

حکام کے مطابق جن لوگوں کو رہائی ملی ہے ان میں ڈپٹی کمشنر کیچ عبدالحمید ابڑو ، اسسٹنٹ کمشنر تمپ محمد حسین بلوچ ، اسسٹنٹ کمشنر دشت، ایک تحصیلدار، ایک نائب تحصیلدار، لیویز فورس کے دو اہلکار اور ایک قبائلی شخصیت شامل ہیں۔

ضلع کیچ کی لیویز فورس کے ایک اہلکار نے بی بی سی کو بتایا کہ قبائلی سردار اور دو لیویز اہلکاروں کو جمعہ اور سنیچر کی درمیانی شب جبکہ ڈپٹی کمشنر اور اسسٹنٹ کمشنر تمپ کو سنیچر کی صبح چھوڑا گیا۔

اہلکار کے مطابق سنیچر کی سہ پہر کو باقی تین اہلکاروں کو بھی چھوڑ دیا گیا۔

بی ایل ایف کی جانب سے جاری ہونے والے ایک بیان کے مطابق تمام مغویوں سے مکمل معلومات حاصل کرنے کے بعد انھیں چھوڑا گیا ہے۔ تنظیم کی جانب سے ان اطلاعات کو من گھڑت قرار دیا گیا ہے جن کے مطابق ان افراد کی رہائی قبائلی اور علاقائی رابطوں کے نتیجے میں عمل میں آئی۔

اسی بارے میں