بنوں: فائرنگ سے آٹھ افراد ہلاک

تصویر کے کاپی رائٹ Reuters
Image caption پولیس کے مطابق یہ واقعہ جمعہ کی شام بنوں شہر سے تقربناً دو کلومیٹر دور شاہی خان کے علاقے میں پیش آیا

پاکستان کے صوبہ خیبرپختونخوا کے جنوبی ضلع بنوں میں حکام کے مطابق دو گروپوں کے مابین فائرنگ کے نتیجے میں ایک لڑکی سمیت کم سے کم 8 افراد ہلاک اور تین زخمی ہوگئے۔

پولیس کے مطابق یہ واقعہ جمعہ کی شام بنوں شہر سے تقربناً دو کلومیٹر دور شاہی خان کے علاقے میں پیش آیا۔

تھانہ صدر کے انچارج شہباز خان نے بی بی سی کو بتایا کہ علاقے کے دو گروپوں کے مابین ایک مکان کی ملکیت پر تنازع چلا آ رہا تھا۔

انھوں نے کہا کہ شام کے وقت فریقین کے مابین کسی بات پر تلخ کلامی ہوئی جس پر دونوں گروپوں نے مورچہ زن ہوکر ایک دوسرے پر خود کار ہتھیاروں سے فائرنگ کردی۔

تھانہ صدر کے انچارج نے کہا کہ لڑائی میں کم سے کم 8 افراد ہلاک اور تین زخمی ہوئے۔ مرنے والوں میں ایک لڑکی بھی شامل ہے۔ زخمیوں کو بنوں سول ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔

پولیس اہل کار کا کہنا تھا کہ فریقین آپس میں قریبی رشتہ دار بتائے جاتے ہیں۔

عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ فریقین کے مابین تنازع کی وجہ چند مرلے پر مشتمل ایک مکان تھا جس پر دونوں کی جانب سے ملکیت کا دعویٰ کیا جا رہا تھا۔

اسی بارے میں