’تمام عناصر غیر مشروط طور پر ملک کا آئین قبول کریں‘

تصویر کے کاپی رائٹ ISPR
Image caption ’پاک فوج دہشت گردی کے خاتمے اور امن کی بحالی کے لیے ہر کوشش کی حمایت کرتی ہے‘

پاکستان کے آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے کہا ہے کہ افواج پاکستان امن کے قیام کے لیے تمام اقدامات کی حمایت کرتی ہے تاہم ریاست کے باغیوں سے نمٹنے کے معاملے میں کوئی شک نہیں۔

افواج پاکستان کے شہداء کو خراج تحسین پیش کرنے کے سلسلے میں سالانہ طور پر منائے جانے والے یوم شہدا کی تقریب سے خطاب میں پاکستانی فوج کے سربراہ نے کہا کہ پاک فوج دہشت گردی کے خاتمے اور امن کی بحالی کے لیے ہر کوشش کی حمایت کرتی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ’یہ ہماری دلی خواہش ہے کہ پاکستان کے خلاف سرگرم عمل تمام عناصر غیر مشروط طور پر ملک کے آئین اور قانون کی مکمل اطاعت قبول کریں اور قومی دھارے میں واپس آئیں بصورت دیگر ریاست کے باغیوں سے نمٹنے کے معاملے میں شک کی کوئی گنجائش نہیں۔‘

جنرل راحیل شریف نے کہا کہ پاکستان کی غیور عوام اور افواج پاکستان ایسے عناصر کو کیفر کردار تک پہنچانے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہیں۔

جنرل راحیل شریف نے کہا ’ہمیں بحیثیت قوم ایک ایسی جنگ کا سامنا ہے جس میں پاکستانی افواج کے ساتھ ریاست کےتمام ادارے بلکہ پاکستانی عوام برسر پیکار ہیں۔ اس مناسبت سے میں نہ صرف افواج پاکستان، ایف سی، رینجرز، فرنٹئیر کانسٹیبلری، پولیس اور لیویز بلکہ ان ہزاروں محب وطن شہریوں کو بھی خراج تحسین پیش کرنا چاہتا ہوں جنھوں نے اس جنگ میں اپنی قیمتی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔‘

آرمی چیف نے اپنے خطاب میں جہاں شہداء کی قربانیوں کا ذکر کیا وہیں پاکستانی میڈیا کے کردار کو بھی سراہا۔

انہوں نے کہا کہ میڈیا نے ہر موڑ پر وطن عزیز کی سلامتی کے حق میں عوامی رائے کو ہموار کرنے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ تاہم آرمی چیف نے یہ بھی کہا کہ ’ہم میڈیا کی آزادی اور ذمہ درانہ صحافت پر یقین رکھتے ہیں اور ان کی قربانیوں کو سراہتے ہیں۔‘

یوم شہداء پر کیے جانے والے اس خصوصی خطاب میں جنرل راحیل شریف نے لاپتہ افراد اور علحیدگی پسندوں کی تحریکوں میں جکڑے صوبہ بلوچستان کا ذکر بھی کیا ان کا کہنا تھا کہ حالیہ برسوں میں بلوچستان سے تعلق رکھنے والے بیس ہزار سے زائد جوانوں نے افواج پاکستان میں شمولیت اختیار کی جو افواج پاکستان پر اعتماد کا واضح ثبوت ہے۔

اپنے خطاب میں جنرل راحیل نے ہمسایہ ملک بھارت کے ساتھ دیرینہ تنازعے مسئلہ کشمیر کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے۔ انھوں نے کہا کہ اس حوالے سے اقوام متحدہ کی قراردادیں بھی موجود ہیں۔ انھوں نے کہا کہ ’افواج پاکستان امن کی خواہاں ہیں لیکن کسی بھی قسم کی جارحیت کا جواب دینے کے لیے ہمہ وقت تیار بھی ہیں۔‘

آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے کہا کہ افواج پاکستان جمہوری استحکام اور آئین وقانون کی بالا دستی پر یقین رکھتی ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ’میں اپنے ان الفاظ کو دہراتا ہوں کہ افواج پاکستان ملک کی سلامتی کو درپیش ہر طرح کی اندرونی اور بیرونی خطرات سے نمٹنے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہیں اور ملک کی ترقی اور خوشحالی کے لیے اپنا کردار اداکرتی رہیں گی۔‘

اسی بارے میں