ڈی آئی خان: زہریلی گیس کے اخراج سے پانچ ہلاک

تصویر کے کاپی رائٹ AFP
Image caption پولیس کے مطابق مرنے والوں میں ایک بچی اور خاتون شامل ہیں

پاکستان کے صوبے خیبر پختونخوا کے جنوبی ضلع ڈیرہ اسماعیل خان میں حکام کے مطابق زہریلی گیس کے اخراج سے کم سے کم پانچ افراد ہلاک اور متعدد بے ہوش ہوگئے۔

پولیس کے مطابق یہ واقعہ جمعے کی شام ڈیرہ اسمعیل خان شہر سے تقریباً 60 کلومیٹر دور تھانہ پراوا کے علاقے رمک میں پیش آیا۔

ڈی ایس پی پراوا آصف محمود نے بی بی سی کو بتایا کہ علاقے میں دو شوگر ملز ہیں جن سے کیمیکل زدہ آلودہ اور زیریلا فضلہ ایک نالے میں گرتا ہے۔

انھوں نےکہا کہ کچھ لوگ اس نالے کے قریب سے گزر رہے تھے کہ اس دوران ایک بچی وہاں گرگئی جسے بچانے کےلیے دیگر افراد بھی نالے میں اتر گئے۔

ڈی ایس پی نے کہا کہ نالے میں زہریلی گیس اور پانی موجود تھا جس کے نتیجے میں دم گھٹنے سے پانچ افراد ہلاک ہوئے۔ مرنے والوں میں ایک بچی اور خاتون شامل ہیں۔

ڈیرہ اسماعیل خان سول ہسپتال کے ذرائع کا کہنا ہے کہ ہسپتال میں تین لاشیں لائی گئیں جب کہ نو افراد بے ہوش ہوئے جنھیں طبی امداد دی جا رہی ہے۔

اسی بارے میں