دہلی دورے پر نواز شریف کی کون سی آرزو پوری نہ ہو سکی؟

Image caption نواز شریف بھارت کے 15ویں وزیر اعظم نریندر مودی کی حلف برداری میں شرکت کے لیے دہلی تشریف لائے تھے

وزیر اعظم پاکستان میاں محمد نواز شریف کے بھارتی دورے کو اگر پاکستانی میڈیا میں کشمیر کے مسئلے کے تناظر میں دیکھا جا رہا ہے تو وہیں پاکستانی وزیر اعظم کو اپنی ایک دیرینہ خواہش پوری نہ ہونے کا ملال ہے۔

وزیر اعظم شریف کے بھارتی دورے پر ایکسپریس ٹریبیون نے لکھا ’ہم مبارک باد دینے گئے تھے اور لوٹے شو کاز نوٹس کے ساتھ۔‘

انھیں بھارت کے دو روزہ دورے کے دوران ایک بار بھی کشمیر کا مسئلہ نہ اٹھانے اور بھارت پاکستان کے درمیان پانی کے تنازعے کا ذکر نہ کرنے کے لیے بھی تنقید کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔

پاکستان کے سابق وزیر خارجہ اور پاکستان تحریک انصاف کے رہنما شاہ محمود قریشی نے نواز شریف کے دہلی دورے پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ ’ہر طرح سے کامیاب حالات کو انتہائی تباہ کن بنا دیا گیا‘۔

ان مسائل کے عدم ذکر کی میاں محمد نواز شریف کی اپنی مخصوص توجیہ ہوگی لیکن ایک بات جس کا انھوں نے برملا اظہار کیا وہ یہ ہے کہ بھارتی دورے پر ان کی دو خواہشات پوری نہ ہو سکیں۔

دراصل نواز شریف اپنے اس بھارتی دورے پر بالی وڈ کے سپر سٹار اداکار امیتابھ بچن اور مایہ ناز گلوکارہ لتا منگیشکر سے ملاقات کی خواہش رکھتے تھے۔

نواز شریف نے امیتابھ بچن اور لتا منگیشکر سے ملاقات کی خواہش کا اظہار بذات خود معروف اداکارہ شبانہ اعظمی سے کیا۔

تصویر کے کاپی رائٹ AFP
Image caption نواز شریف کو کشمیر کا مسئلہ نہ اٹھانے پر تنقید کا نشانہ بنایا جا رہا ہے

دہلی میں ایک نجی پارٹی میں شبانہ اعظمی اور نواز شریف کی ملاقات ہوئی جہاں دونوں کے درمیان فن، ثقافت اور فلموں کے متنوع اور رنگا رنگ موضوعات پر باتیں ہوئیں۔

بات چیت کے دوران نواز شریف نے شبانہ ا‏عظمی کو یہ بھی بتایا کہ وہ شبانہ کے والد کیفی اعظمی اور ان کے شوہر جاوید اختر کے مداح ہیں۔

اس کے ساتھ ساتھ انھوں نے برصغیر کی ممتاز گلوکارہ لتا منگیشکر اور امیتابھ بچن سے ملاقات کی اپنی خواہشات کا بھی اظہار کیا۔

واضح رہے کہ امیتابھ بچن اور لتا منگیشکر دونوں ہی نریندر مودی کی حلف برداری کی تقریب میں متوقع تھے لیکن وہ شریک نہ ہوسکے۔

اگر دونوں اس میں شرکت کرتے تو نواز شریف کی ان سے ملنے کی تمنا بھی پوری ہو جاتی۔

دریں اثنا نواز شریف کی بیٹی مریم نے ٹوئٹر پر نریندر مودی کی تعریف کی اور دادی کے لیے بھیجے جانے والے تحفے شال کا شکریہ ادا کیا۔

اسی بارے میں