’بعض عناصر ملک کو تاریکی میں دھکیلنا چاہتے ہیں‘

تصویر کے کاپی رائٹ AFP
Image caption ہڑتالوں اور دھرنوں کی سیاست ملک کی ترقی کے خلاف ہے: نواز شریف

پاکستان کے وزیرِ اعظم میاں نواز شریف نے کہا کہ انقلاب کے نام پر بعض عناصر ملک کو واپس تاریکی کے دور میں دھکیلنا چاہتے ہیں اور ہڑتالوں اور دھرنوں کی سیاست ملک کی ترقی کے خلاف ہے۔

پاکستان کی سرکاری خبر رساں ایجنسی اے پی پی کے مطابق وزیرِ اعظم نے یہ بات جمعے کو اسلام آباد میں کنوینشن سینٹر میں وزیراعظم یوتھ پروگرام کے تحت لیپ ٹاپ سکیم کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔

وزیرِ اعظم نے کہا کہ ہڑتالوں اور دھرنوں کی سیاست ملک کی ترقی کے خلاف ہے اور سیاسی جماعتیں مسلم لیگ ن کو ترقی کا ایجنڈا مکمل کرنے دیں۔ان کا کہنا تھا کہ قومی ترقی کے سفر میں رکاوٹیں ڈالنے کا کوئی جواز نہیں۔

ملک میں امن و امان قائم کرنے کے حوالے سے انھوں نے کہا کہ حکومت نے دہشت گردوں کے خاتمے کے لیے آپریشن شروع کیا ہے۔

ادھر جمعے ہی کو وفاقی وزیرِ اطلاعات سینیٹر پرویز رشید نے کہا کہ شمالی وزیرستان میں آپریشن، خارجہ پالیسی اور معیشت کی بحالی پر قومی اداروں میں کوئی تقسیم نہیں اور قومی ایجنڈے پر سب متفق ہیں۔

سرکاری خبر رساں ادارے اے پی پی کے مطابق انھوں نے ایک ٹی وی چینل پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پانچ سال کی آئینی مدت پوری کرنے کے بعد آنے والی حکومت کو ایک نیا اور روشن پاکستان حوالے کیا جائے گا۔

انھوں نے کہا کہ مسلح افواج ملک کا مستقبل محفوظ بنانے اور ملک میں قیام امن کے لیے لڑ رہی ہیں۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ جنھوں نے اداروں کے درمیان تقسیم کی بات کی اور بے بنیاد الزامات عائد کیے ان کا حقیقی سے کوئی تعلق نہیں‘ ایسے عناصر اپنے مخصوص مقاصد کی ترجمانی کر رہے ہیں۔

اسی بارے میں