189 کوہ پیماوں کو پرمٹ جاری، سکیورٹی سخت

تصویر کے کاپی رائٹ ap
Image caption دنیا کی دوسری بلند ترین پہاڑی کے ٹو پر پہلا موسمیاتی سٹیشن نصب کیا گیا ہے

پاکستان کے شمالی علاقہ جات کی گلگت بلتستان کونسل کا کہنا ہے کہ اس سال 189 غیر ملکی کوہ پیماؤں کو پرمٹ جاری کیے گئے ہیں اور ان کی سکیورٹی کے ’بہترین‘ انتظامات کیے گئے ہیں۔

گلگت بلتستان کونسل کے محمد رمضان نے سرکاری خبر رساں ایجنسی کو بتایا کہ ابھی تک 189 غیر ملکی کوہ پیماؤں اور 208 ٹریکروں کو پرمٹ جاری کیے گئے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ پچھلے سال جون میں نانگا پربت کے بیس کیمپ پر دہشت گردی کے واقعے کے بعد حکومت نے کوہ پیماؤں کو سکیورٹی دینے کے تمام انتظامات کیے اور اسی وجہ سے اس سال بڑی تعداد میں کوہ پیما اور ٹریکروں نے پرمٹ حاصل کیے ہیں۔

محمد رمضان کا کہنا تھا کہ توقع کی جا رہی ہے کہ مزید کوہ پیما اور ٹریکر پرمٹ حاصل کریں گے کیونکہ ابھی کوہ پیمائی اور ٹریکنگ کے لیے موسم سازگار ہے۔

دوسری جانب دنیا کی دوسری بلند ترین پہاڑی کے ٹو پر پہلا بلند ترین موسمیاتی سٹیشن نصب کیا گیا ہے۔ یہ پہلی بار ہے کہ پاکستان میں ایسا سٹیشن نصب کیا گیا ہے۔

یہ موسمیاتی سٹیشن کے ٹو کے بیس کیمپ پر ای وی کے ٹو سی این آر نامی کمپنی نے نصب کیا ہے۔ یہ نظام اطالوی کمپنی کی جانب سے فراہم کیا گیا ہے جو کوہ پیماؤں کے لیے نہایت مددگار ثابت ہو گا۔

یہ موسمیاتی نظام آسانی سے کسی اور جگہ بھی نصب کیا جا سکتا ہے اور بالتورو گلیشیئر کی دشوار ٹریکنگ کے دوران اسے باآسانی ساتھ لے جایا جا سکتا ہے۔

اسی بارے میں