بلوچستان: مسلم لیگ (ن ) رہنما اور تحصیلدار ہلاک

بلوچستان تصویر کے کاپی رائٹ Getty
Image caption معاملے کی تحقیقات شروع کردی گئی ہیں

پاکستان کے صوبہ بلوچستان میں دو مختلف واقعات میں مسلم لیگ (ن ) کے ایک ضلعی رہنما کے علاوہ ایک تحصیلدار کے ہلاک ہونے کی اطلاع ہے۔ مسلم لیگ کے مقامی رہنماء میر جبار عمرانی کی ہلاکت کا واقعہ قلات شہر میں پیش آیا ہے۔

قلات پولیس کے ایک اہلکار نے فون پر بی بی سی کو بتایا کہ گزشتہ شب ایک بجکر 20 منٹ پر نامعلوم افراد میر جبار عمرانی کے گھر میں داخل ہوئے اور ان پر فائر شروع کر دیا جس کے نتیجے میں وہ ہلاک ہو گئے۔

تاحال مسلم لیگ کے رہنماء کو ہلاک کرنے کے محرکات معلوم نہیں ہوسکے۔ معاملے کی تحقیقات شروع کردی گئی ہیں۔

یاد رہے کہ گزشتہ ماہ قلات سے متصل ضلع خضدار میں بھی فائرنگ کے ایک واقعے میں مسلم لیگ (ن) کے ایک مقامی رہنما اور انجمن تاجران خضدار کے قائم قام صدر عالم جتک ہلاک ہوئے تھے۔

ادھرسبی کے قریب لہڑی کے علاقے ریلا میاں خان میں ایک چھاپے کے دوران تحصیلدار لہڑی غلام قادر رند ہلاک ہوئے۔

انتظامیہ کے ایک اہلکار نے بتایا کہ اس علاقے میں جرائم پیشہ افراد کی موجودگی کی اطلاع پر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکاروں نے چھاپہ مارا۔ اس دوران جرائم پیشہ افراد سے فائرنگ کے تبادلے میں تحصیلدار لہڑی غلام قادر رند ہلاک ہوگئے۔

اہلکار نے بتایا کہ قانون نافذ کرنے والے اداروں نے جرائم پیشہ افراد کے سرغنہ سمیت پانچ افراد کو گرفتار کرنے کے علاوہ ان کے کمین گاہوں کو مسمار کر دیا ہے۔