پشاور: پولیس موبائل پر حملہ، دو اہلکار ہلاک

پاکستان کے صوبہ خیبر پختون خوا کے دارالحکومت پشاور میں حکام کا کہنا ہے کہ مسلح افراد کی جانب سے پولیس اہلکاروں پر ہونے والے حملے میں دو پولیس اہلکار ہلاک اور ایک زخمی ہوگیا ہے جبکہ جوابی حملے میں ایک حملہ آوار بھی مارا گیا ہے۔
پولیس کے مطابق یہ واقعہ بدھ اور جمعرات کی درمیانی شب پشاور شہر کے علاقے چمکنی میں پیش آیا۔
پشاور پولیس کے ایک اہلکار اختر علی نے بی بی سی کو بتایا کہ چمکنی پولیس سٹیشن کی ایک موبائل گاڑی معمول کی گشت پر پھندو سڑک سے گزر رہی تھی کہ اس دوران نامعلوم مسلح افراد کی طرف سے ان پر اندھا دھند فائرنگ کی گئی۔
انھوں نے کہا کہ حملے کے نتیجے میں دو پولیس اہلکار ہلاک اور ایک زخمی ہوا تاہم جوابی حملے میں ایک حملہ آور بھی مارا گیا۔ مرنے والے اہلکاروں میں ایک پولیس حوالدار بھی شامل ہیں۔
تاہم ابھی تک کسی تنظیم کی جانب سے اس حملے کی ذمہ داری قبول نہیں کی گئی ہے۔
خیال رہے کہ پشاور میں گزشتہ کچھ عرصہ سے پولیس اہلکاروں پر حملوں میں ایک مرتبہ پھر سے شدت آرہی ہے۔
اس سے پہلے بھی شہر میں پولیس اہلکاروں کو ہدف بناکر قتل کے کئی واقعات پیش آچکے ہیں جس میں متعدد اہلکار ہلاک ہوئے تھے۔ یہ امر بھی اہم ہے کہ تقریباً ایک سال پہلے بھی پولیس اہلکاروں کے ٹارگٹ کلنگ کے اس قسم کے کئی واقعات پیش آئے تھے۔
تاہم بعد میں پولیس کی طرف سے حملہ آواروں کے ایک گروہ کو گرفتار کرنے کا دعویٰ کیا گیا تھا جس کے بعد ان واقعات میں کسی حد تک کمی واقع ہوئی تھی۔