پشاور میں طوفانی بارش سے 6 افراد ہلاک

تصویر کے کاپی رائٹ AP
Image caption ہلاک ہونے والے میں چار بچیاں اور ایک عورت شامل ہیں: پولیس اہلکار

پاکستان کے صوبہ خیبر پختونخوا کے دارالحکومت پشاور میں طوفانی بارش سے مکانات اور سائن بورڈ گرنے کے نتیجے میں کم سے کم 6 افراد ہلاک اور 31 افراد زخمی ہو ئے ہیں۔

پشاور کے حیات آباد میڈیکل کمپلیکس میں تعینات پولیس کے اے ایس آئی الیاس خان نے ہمارنے نامہ نگار رفعت اللہ اورکزئی کو بتایا کہ بارشوں سے ہلاک ہونے والے چھ افراد کی لاشیں ہسپتال لائیں گئیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ہلاک ہونے والے میں چار بچیاں اور ایک عورت شامل ہیں۔

انھوں نے کہا کہ ہلاک ہونے والی بچیوں میں دو کی عمریں چار ماہ اور دو کی پانچ ماہ تھی۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ ہلاکتیں مکانات، دیواریں اور سائن بورڈ گرنے کی وجہ سے ہوئیں ہیں۔

پولیس اہلکار کے مطابق پشاور میں طوفانی بارشوں سے حیات آباد، ناصر باغ اور ریگی للمہ کے علاقے زیادہ متاثر ہوئے۔

گذشتہ ہفتے بھی پشاور میں طوفانی بارش اور آندھی سے درجنوں عمارتیں منہدم ہونے کے نتیجے میں کم سے کم 18 افراد ہلاک اور 71 افراد زخمی ہو ئے تھے۔ ہلاک ہونے والوں میں پانچ بچے اور تین خواتین شامل ہیں۔

تیز آندھی اور بارش سے پشاور کے علاقے نوتھیہ، صدر، وزیر باغ فقیر آباد، لاہوری گیٹ اور دیر کالونی میں عمارتیں منہدم ہوئی تھیں۔

تیز آندھی سے بجلی کے کھمبے اور درخت بھی گرے تھے جس سے بجلی اور مواصلاتی نظام بری طرح متاثر ہوا تھا۔

اسی بارے میں