سبی میں موٹر سائیکل دھماکہ، ایک ہلاک متعدد زخمی

تصویر کے کاپی رائٹ AFP
Image caption اس دھماکے میں بیس سے زیادہ افراد زخمی ہوئے ہیں جن کو ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال منتقل کیا گیا ہے

پاکستان کے صوبہ بلوچستان کے علاقے سبی میں موٹر سائیکل پر نصب بارودی مواد کے دھماکے میں ایک شخص ہلاک جبکہ متعدد زخمی ہوئے ہیں۔

سرکاری ذرائع ابلاغ کے مطابق یہ دھماکہ سبی میں واقع میر چاکر روڈ پر ہوا ہے۔

ابتدائی اطلاعات کے مطابق بارودی مواد ایک موٹر سائیکل میں نصب تھا۔ اس دھماکے کے نتیجے میں کئی موٹر سائیکل تباہ ہوئے ہیں۔

دھماکے کے بعد سکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا۔

اس دھماکے میں متعدد افراد زخمی ہوئے ہیں جن کو ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال منتقل کیا گیا ہے۔ اطلاعات کے مطابق زخمی ہونے والوں میں چند افراد کی حالت تشویشناک ہے۔

جس جگہ یہ دھماکہ ہوا ہے وہ بکرا منڈی کے کافی قریب ہے۔

یاد رہے کہ اس سے قبل مئی کے مہینے میں سبی میں فائرنگ کے ایک واقعے میں چار خواتین سمیت پانچ افراد ہلاک ہوگئے تھے۔

یہ واقعہ سبی میں بکرا منڈی کے قریب پیش آیا جہاں دو نامعلوم افراد نے ایک گھر میں داخل ہو کر اندھا دھند فائرنگ شروع کر دی تھی۔

اسی بارے میں