کوئٹہ: حجام کی دکان پر دستی بم حملہ، تین ہلاک

تصویر کے کاپی رائٹ Getty
Image caption تاحال کسی گروپ نے اس حملے کی ذمہ داری قبول نہیں کی ہے

پاکستان کے صوبہ بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ میں بدھ کی صبح بم حملے اور فائرنگ کے واقعے میں تین افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے ہیں۔

مقامی پولیس کے مطابق یہ واقعہ ڈبل روڈ کے علاقے میں پیش آیا اور اس میں حجام کی دکانوں کو نشانہ بنایا گیا۔

انڈسٹریل ایریا پولیس سٹیشن کے ایس ایچ او کے مطابق نامعلوم حملہ آور موٹر سائیکلوں پر سوار تھے اور انھوں نے دو دکانوں پر دستی بم پھینکے اور فائرنگ کی۔

پولیس اہلکار کے مطابق اس حملے میں ان دکانوں میں موجود افراد نشانہ بنے۔

سول ہسپتال میں شعبۂ حادثات کے انچارج کا کہنا ہے کہ جائے حادثہ سے تین لاشیں ہسپتال لائی گئی ہیں جبکہ 11 افراد دھماکے میں زخمی ہوئے ہیں۔

پولیس کے مطابق دھماکے میں ہلاک ہونے والے شخص کا تعلق صوبہ پنجاب کے شہر بہاولپور سے ہے جبکہ زخمیوں میں بھی پنجاب سے تعلق رکھنے والے افراد شامل ہیں۔

تاحال کسی گروپ نے اس حملے کی ذمہ داری قبول نہیں کی ہے۔

بلوچستان میں ماضی میں بھی پنجاب سے تعلق رکھنے والے مزدوروں پر حملے ہوتے رہے ہیں جن میں درجنوں افراد ہلاک اور زخمی ہو چکے ہیں۔

اسی بارے میں