’مسئلہ کشمیر حل کیے بغیر دیرپا امن نامکن‘

تصویر کے کاپی رائٹ Getty
Image caption شمالی وزیرستان میں آپریشن ضرب عضب کامیابی سے جاری ہے: جنرل راحیل شریف

پاکستان کی بری فوج کے سربراہ جنرل راحیل شریف نے کہا ہے کہ مسئلہ کشمیر حل بغیر خطے میں امن کا قیام ممکن نہیں ہے۔

ہفتے کو پاکستان ملٹری اکیڈمی کاکول میں کیڈٹس کی پاسنگ آؤٹ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے آرمی چیف نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کو اقوامِ متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل کیا جانا چاہیے۔

ان کا کہنا تھا کہ برابری اور باہمی احترام کی بیناد پر خطے میں استحکام پاکستان کی خواہش ہے۔

لائن آف کنٹرول اور ورکنگ باؤنڈری پر بھارت کی بلا اشتعال فائرنگ کے حوالے سے بات کرتے ہوئے جنرل راحیل شریف نے واضح کیا کہ پاکستان کے خلاف کسی بھی کسی قسم کی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا جائے گا۔

شمالی وزیرستان میں دہشت گردوں کے خلاف جاری آپریشن ضرب عضب کے حوالے سے جنرل راحیل شریف نے کہا کہ آپریش ضربِ عضب کا مقصد پاکستان سے دہشت گردی کا مکمل خاتمہ کرنا ہے۔

انھوں نے کہا کہ آپریشن ضربِ عضب صرف ایک آپریشن نہیں بلکہ دہشت گردی کے خلاف قوم کے عزم کا اظہار ہے۔

آرمی چیف کا کہنا تھا کہ شمالی وزیرستان میں آپریشن ضرب عضب کامیابی سے جاری ہے اور قانون نافذ کرنے والے ادارے خفیہ اداروں کے تعاون سے ملک میں دہشت گردوں کا نیٹ ورک تباہ کر رہے ہیں۔

پاکستان ملٹری اکیڈمی کاکول کی آج کی تقریب میں1200 کیڈٹس پاس آؤٹ ہو رہے ہیں جن میں 30 خواتین بھی شامل ہیں جبکہ 45 کیڈٹس کا تعلق دوست ممالک سے ہے۔