لسبیلہ میں مسافر کوچ اور ٹرالر میں تصادم، آٹھ ہلاک

تصویر کے کاپی رائٹ Getty
Image caption زخمیوں کو ڈی ایچ کیو ہسپتال اوتھل منتقل کر دیا گیا ہے جبکہ آٹھ شدید زخمیوں کو کراچی بھیج دیا گیا ہے

بلوچستان کے ضلع لسبیلہ کی تحصیل اوتھل کے قریب ٹریفک حادثے میں آٹھ افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوئے ہیں۔

پاکستان کے سرکاری ٹی وی کے مطابق اتھل کے قریب مسافر کوچ اور ٹرالر کے درمیان آر ڈی شاہراہ پر تصادم ہوا جس کے نتیجے میں آٹھ افراد ہلاک جبکہ 25 زخمی ہوئے۔

ہلاک ہونے والوں میں چار بچے بھی شامل ہیں۔

سرکاری ٹی وی نے ریسکیو حکام کے حوالے سے بتایا کہ مسافر کوچ کوئٹہ سے کراچی جا رہی تھی۔

زخمیوں کو ڈی ایچ کیو ہسپتال اوتھل منتقل کر دیا گیا ہے جبکہ آٹھ شدید زخمیوں کو کراچی بھیج دیا گیا ہے۔

بلوچستان کے اس علاقے میں اس سے پہلے بھی ٹریفک کے حادثات رونما ہوئے ہیں جن میں جانی نقصان ہوا ہے۔

رواں سال مارچ میں مسافر بسوں اور آئل ٹینکرز میں تصادم کے نتیجے میں 38 افراد ہلاک ہوئے تھے جن میں جھلسنے کے باعث کئی لاشوں کی شناخت ممکن نہیں تھی۔

حادثے کا شکار ہونے والی یہ بسیں کوئٹہ اور تربت سے کراچی جارہی تھیں اور زیادہ جانی نقصان تربت سے کراچی جانے والی بس میں ہوا تھا۔

یاد رہے کہ بلوچستان ہائی کورٹ نے ایک حکم میں صوبے بھر میں گاڑیوں کے لیے شاہراہوں پر حدِ رفتار مقرر کرنے کا بھی حکم دے رکھا ہے تاہم اس پر بھی کم ہی عمل درآمد ہوتا ہے۔

اسی بارے میں