تحریک طالبان پاکستان مہمند ایجنسی کے کمانڈر کا اعلان

تصویر کے کاپی رائٹ AFP
Image caption تحریک طالبان نے خیبر ایجنسی میں لشکر اسلام اور دیگر شدت پسند گروپوں کی مکمل حمایت کا اعلان کیا ہے

کالعدم تحریک طالبان پاکستان نے ایک بیان میں کمانڈر منصور مہمند حفظہ اللہ کو مہمند ایجنسی کا کمانڈر مقرر کرنے کا اعلان کیا ہے۔

تحریک طالبان پاکستان کی جانب سے جاری کیے گئے بیان کے مطابق مہمند ایجنسی کے کمانڈر کی تعیناتی رہبری شوریٰ کی طرف سے کی گئی ہے۔

اس سے قبل تحریک طالبان پاکستان کو مہمند ایجنسی کے امیر عمر خالد خراسانی کی کارروائیوں پر تحفظات تھے۔

یاد رہے کہ کچھ عرصہ قبل کالعدم تحریک طالبان پاکستان کے ترجمان شاہد اللہ شاہد سمیت پانچ رہنماؤں کی شدت پسند تنظیم دولت اسلامیہ میں شمولیت کی تصدیق کی تھی اور کہا تھا کہ منحرف ہونے والے افراد کو ملا عمر کی امارت پر شک تھا۔

ان رہنماؤں کی دولت اسلامیہ میں شمولیت کے حوالے سے ایک طالبان رہنما کا کہنا تھا کہ ناراض رہنماؤں سے مذاکرات جاری ہیں تاہم انھوں نے کہا کہ مہمند ایجنسی کے امیر عمر خالد خراسانی کا نام شامل نہیں کیونکہ ان کی کارروائیوں کی وجہ سے تنظیم کو تحفظات تھے۔

واضح رہے کہ چند روز قبل کالعدم تحریک طالبان پاکستان نے قبائلی علاقے خیبر ایجنسی میں فوجی کارروائی میں لشکر اسلام اور دیگر شدت پسند گروپوں کی مکمل حمایت کا اعلان کیا تھا۔

’کچھ مجاہدین مقام تشکیل تک پہنچ چکے ہیں اور عملی طور پر کام بھی شروع کر چکے ہیں۔ اس کے علاوہ وہ تمام مجاہدین انتظار کریں جنھوں نے امیر تحریک طالبان پاکستان فضل اللہ خراسانی سے بیعت کی ہے۔‘

دوسری جانب کالعدم تنظیم تحریک طالبان پاکستان نے محمد خراسانی کو نیا ترجمان مقرر کیا تھا۔ وہ معزول شدہ ترجمان شاہد اللہ شاہد کی جگہ سنبھالیں گے۔

اسی بارے میں