نواز شریف لندن میں انرجی کانفرنس کا افتتاح کریں گے

تصویر کے کاپی رائٹ AFP
Image caption وزیرِ اعظم پاکستان نے دعویٰ کیا کہ ملک میں پہلی بار پیٹرولیئم کی مصنوعات کی قیمتوں میں ریکارڈ سطح پر کمی کر دی گئی ہے

پاکستان کے وزیرِ اعظم میاں نواز شریف برطانیہ کے دورے کے دوران جمعرات کو پاکستان برطانیہ انرجی ڈائیلاگ اور سرمایہ کاری کانفرنس کا افتتاح کریں گے۔

ریڈیو پاکستان نے وزیرِ اعظم کے دفتر کے حوالے سے بتایا کہ سرمایہ کاری کانفرنس میں توانائی کے شعبے سے تعلق رکھنے والی اہم شخصیات اور توانائی کے کمپنیوں کے سربراہان شرکت کریں گے۔

پاکستان برطانیہ انرجی ڈائیلاگ اور سرمایہ کاری کانفرنس کا افتتاح جعمرات کو لندن میں ہوگا۔

کانفرنس میں مہارت اور تجربات کے تبادلے کے ذریعے توانائی کے شعبے میں سرمایہ کاری کو فروغ دینے کے لیے پاکستان کی مدد کرنے پر توجہ مرکوز کی جائے گی تاکہ اس کے توانائی کی ضروریات پوری ہوں۔

جرمنی کے شہر برلن سے لندن روانہ ہوتے ہوئے سرکاری ٹی وی سے بات کرتے ہوئے نواز شریف نے کہا کہ پاکستان نے توانائی کے شعبے میں سرمایہ کاری کے لیے چین کے ساتھ اربوں ڈالر کے معاہدوں پر دستخط کیے ہیں۔

وزیرِ اعظم پاکستان نے دعویٰ کیا کہ ملک میں پہلی بار پیٹرولیئم کی مصنوعات کی قیمتوں میں ریکارڈ سطح پر کمی کر دی گئی ہے۔

انھوں نے کہا کہ ملک میں بے پناہ وسائل موجود ہیں اور حکومت لوگوں کو سہولیات فراہم کرنے کے لیے ہر ممکن کوشش کرے گی۔

خیال رہے کہ وزیرِ اعظم جرمنی کے دو روزہ دورے کے بعد لندن پہنچے ہیں۔

سرکاری ریڈیو کے مطابق نواز شریف کے جرمنی کے دورے کے دوران منگل کو جرمن چانسلر انگیلا میرکل سے ملاقات میں پاکستان اور جرمنی نے مختلف شعبوں، خاص طور پر توانائی، تجارت اور سرمایہ کاری میں دوطرفہ تعاون کو مزید فروغ دینے پر اتفاق کیا۔

مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب میں نوازشریف نے کہا کہ جرمنی نے توانائی کے شعبے میں پاکستان کی مدد کرنے کا یقین دلایا ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ ملاقات کے دوران دوطرفہ تعلقات سے متعلق اُمور کے علاوہ علاقائی اور عالمی معاملات پر بھی تبادلۂ خیال کیا گیا۔

خیال رہے کہ اس سے پہلے نواز شریف چین کے دورے پر گئے تھے۔

اسی بارے میں