بیلسٹک میزائل شاہین ون اے حتف فور کا ’کامیاب تجربہ‘

Image caption تجربے کے وقت میزائل کی تیاری میں شامل ماہرین کی ٹیم کے علاوہ اعلیٰ عسکری حکام بھی موجود تھے

عسکری حکام کے مطابق پاکستان نے جوہری ہتھیار لے جانے کی صلاحیت کے حامل درمیانے فاصلے تک مار کرنے والے بیلیسٹک میزائل شاہین ون اے حتف فور کا ’کامیاب‘ تجربہ کیا ہے۔

پاکستان فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے ادارے آئی ایس پی آر کے مطابق یہ میزائل 900 کلومیٹر تک ہدف کو نشانہ بنانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔

تجربے کے وقت ماہرین کی ٹیم کے علاوہ اعلیٰ عسکری حکام بھی موجود تھے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق پیر کو ہونے والے میزائل تجربے کو پاکستانی بحریہ کے سربراہ ایڈمرل محمد ذکااللہ، ڈائریکٹر جنرل سٹریٹیجک پلانز ڈویژن لیفٹیننٹ جنرل زبیر محمد، کمانڈر آرمی سٹریٹیجک فورس کمانڈ لیفٹیننٹ جنرل عبیداللہ خان، کمانڈر پاکستان فلیٹ وائس ایڈمرل ظفر محمود عباسی، مسلح افواج کے اعلیٰ افسران، سائنس دانوں اور سٹریٹیجک اداروں کے انجینئیروں نے دیکھا۔

بحریہ کے سربراہ ایڈمرل محمد ذکااللہ نے اس موقعے پر سائنس دانوں اور انجینیئروں کو ان کی پیشہ واریت، عزم اور دفاعی نظام کو مضبوط کرنے پر مبارک باد دی۔

انھوں نے کہا کہ شاہین ون۔اے حتف فور درستگی سے اپنے ہدف کو نشانہ بنانے والا میزائل نظام ہے۔

بحریہ کے سربراہ نے خطے میں پرامن رہنے کے پاکستان کے عزم کو دہرایا۔

ایڈمرل ذکااللہ نے کہا کہ پاکستان کی مسلح افواج وطن کی سکیورٹی اور حفاظت کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق صدر اور وزیرِ اعظم پاکستان نے بھی ’کامیاب میزائل تجربے‘ پر سائنس دانوں اور انجینیئروں کو مبارک باد دی۔

اسی بارے میں