میر شکیل، شائستہ، وینا کو 26، 26 سال قید کی سزا

تصویر کے کاپی رائٹ facebook
Image caption مارنگ شو کی میزبان شائستہ لودھی کو تعزیرات پاکستان کی دفعہ 298 اے کے تحت سزا سنائی گئی

گلگت بلتستان کی انسدادِ دہشت گردی کی خصوصی عدالت نے جیو نیوز کے مالک میر شکیل الرحمٰن، میزبان شائشتہ لودھی، اداکارہ وینا ملک اور ان کے شوہر اسد ملک کو 26، 26 سال قید اور 13 لاکھ روپے جرمانے کی سزا سنائی ہے۔

منگل کو انسداد ہشت گردی کی خصوصی عدالت نے 40 صفحات پر مشتمل فیصلہ سنایا اور انتظامیہ کو چاروں مجرموں کو فوری طور پر گرفتار کرنے کا حکم دیا۔

انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت کے جج راجہ شہباز خان کے مطابق چاروں مجرموں کو برگزیدہ مذہبی شخصیات کے بارے میں توہین آمیز کلمات کہنے پر تعزیرات پاکستان کی دفعہ 298 اے کے تحت سزا سنائی گئی ہے۔

جج شہباز خان کے سیکریٹری وقار احمد نے بی بی سی کو بتایا کہ ضلعی انتظامیہ سے یہ بھی کہا گیا ہے کہ عدم تعمیل کی صورت میں مجرمان کی جائیدادیں فروخت کر کے رقم حکومتی خزانے میں جمع کروائی جائے۔

وقار احمد نے مزید بتایا کہ 26 مئی 2014 کو جمع کروائی گئی درخواست میں شکایت کی گئی تھی کہ مجرموں نے ٹیلی ویژن پر ویڈیو چلا کر برگزیدہ شخصیات کی شان میں گستاخی کی ہے جس کے بعد صوبائی انتظامیہ نے جوائنٹ انویسٹی گیشن ٹیم تشکیل دی تھی۔

یکم ستمبر کو اس ٹیم نے مجرموں کے خلاف وارنٹ لیا تھا تاہم کراچی جانے کے باوجود چاروں میں سے کسی مجرم کا سراغ نہیں لگایا جا سکا۔

عدالتی ذرائع کا کہنا ہے کہ مجرموں کے وکیل شہباز علی نے عدالت کو یہ نہیں بتایا مجرم کہاں ہیں۔

وقار احمد کے مطابق میر شکیل الرحمٰن، شائستہ لودھی، وینا ملک اور ان کے شوہر اسد ملک اس فیصلے کے خلاف گلگت بلتستان کی چیف کورٹ میں اپیل کر سکتے ہیں جو ہائی کورٹ کے برابر ہے۔

یاد رہے کہ رواں سال 14 مئی 2014 کو جیو کے ایک مارننگ شو میں اداکارہ وینا ملک اور ان کے شوہر کی شادی سے متعلق ایک پروگرام کے دوران برگزیدہ ہستیوں سے منسوب ایک قوالی پیش کی گئی جس کے اندازِ پیشکش پر مختلف مذہبی اور سماجی حلقوں کی جانب سے شدید تنقید کی گئی تھی۔

اس پروگرام کے نشر ہونے کے بعد مذہبی تنظیموں کے کارکنوں نے اسلام آباد میں پیمرا کے دفتر کے سامنے مظاہرے بھی کیے جن میں جیو کو بند کرنے کا مطالبہ بھی کیا گیا۔

جیو چینل کے مالک پاکستان کے میڈیا ہاؤس جنگ گروپ کا کہنا ہے ’اٹھو جاگو پاکستان‘ نامی پروگرام میں میزبان ڈاکٹر شائستہ لودھی سے غیر دانستہ طور پر غلطی ہوئی ہے۔

ادارے کی جانب سے اس پروگرام پر کھڑے ہونے والے تنازعے پر معافی بھی مانگی گئی تھی۔

جیو نیوز کے مالک اور شائستہ لودھی سمیت وینا ملک اور ان کے شوہر کے خلاف اسلام آباد اور کراچی سمیت مختلف شہروں میں مقدمات درج کروائے گئے ہیں۔

اسی بارے میں