عمران خان اور ریحام خان کی تقریب نکاح

تصویر کے کاپی رائٹ pti twitter
Image caption عمران خان اور صحافی ریحام خان نے شادی کر لی

پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان اور ٹی وی اینکر ریحام خان رشتۂ ازدواج میں منسلک ہوگئے ہیں۔

عمران خان اور ریحام خان کی رسم نکاح جمعرات کو بنی گالہ میں عمران خان کی رہائش گاہ پر منعقد ہوئی۔

پاکستان تحریک انصاف کی سیکریٹری اطلاعات نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں عمران خان کے نکاح کی تصدیق کی۔

انھوں نے کہا کہ ’شادی یا ولیمے کی تقریبات منعقد نہیں ہوں گی، کل غریب بچوں میں کھانا تقسیم کیا جائےگا۔‘

عمران خان اور ریحام خان کا نکاح پڑھانے والے مفتی سعید نے تقریب کے بعد میڈیا سے مختصر گفتگو میں بتایا کہ نکاح کے گواہان میں عمران خان کی جانب سےذاکر خان، جبکہ ریحام کی جانب سے ان کے عزیز سیف خان موجود تھے۔ تاہم اس تقریب میں کوئی سیاسی شخصیت موجود نہیں تھی۔

انھوں نے کہا کہ حق مہر ایک لاکھ روپے مقرر کیا گیا ہے۔

عمران خان کا نکاح آج ہوا ہے یا اس سے قبل دو ماہ پہلے، اس کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ ’دونوں کا ابھی نکاح ہوا ہے اور میں نے پڑھایا ہے۔ یہ سوال انھی سے پوچھیے کہ اس سے پہلے بھی ان کا نکاح ہوا تھا یا نہیں۔‘

ریحام خان پاکستان آنے سے قبل بی بی سی سے منسلک رہی ہیں۔

یاد رہے کہ عمران خان نے 15 اگست کو دارالحکومت اسلام آباد میں دھرنے کا آغاز کیا تھا۔ دھرنے کے شرکا سے خطاب میں انھوں نے اس خواہش کا اظہار کیا تھا کہ وہ نیا پاکستان بننے کے بعد شادی کرنا چاہتے ہیں۔

تاہم پشاور سانحے کے بعد ان کی شادی کی خبریں میڈیا پر آنا شروع ہوئیں جس کے بعد عمران خان نے اپنے مختلف بیانات میں بتایا کہ وہ جلد قوم کو خوش خبری سنائیں گے۔

اسی بارے میں