مین ٹرانسمیشن لائن ٹرپ، کئی شہروں میں بجلی منقطع

پاکستان میں بجلی کی ترسیل کے قومی ادارے این ٹی ڈی سی کا کہنا ہے کہ گدو اور دادو کی مین ٹرانسمیشن لائن ٹرپ ہونے کے باعث ملک کے بڑے حصے میں بجلی منقطع ہو گئی ہے۔

این ٹی ڈی سی کے ترجمان کا کہنا ہے کہ دادو اور گدو ٹرانسمیشن لائن دھند کے باعث ٹرپ ہوئی۔

ترجمان کے مطابق بلوچستان کے وسیع علاقے کے علاوہ حیدر آباد، ملتان، لاہور، اسلام آباد اور پشاور میں بجلی منقطع ہو گئی۔

تاہم ترجمان نے کہا کہ بجلی بحال کرنے کے لیے کام جاری ہے اور جلد ہی بجلی بحال کر دی جائے گی۔

واضح رہے کہ 20 دسمبر کو نیشنل گرڈ سے کراچی کو بجلی فراہم کرنے والی 500 کلو واٹ کی ٹرانسمیشن لائن سنیچر کو رات گئے ٹرپ کر گئی تھی۔

اس ٹرانسمیشن لائن کے ٹرپ ہونے کے باعث کراچی میں آٹھ گھنٹے کے بریک ڈاؤن کے بعد شہر کو بعد بجلی کی فراہمی کا سلسلہ دوبارہ بحال ہوا تھا۔

لائن ٹرپ ہونے کی وجہ دھند اور نمی تھی اور اس کی وجہ سے کراچی کے 80 فیصد حصے کو بجلی کی فراہمی بند ہوگئی تھی۔

یاد رہے کہ جولائی میں بھی صوبہ سندھ کے شہر کراچی سمیت کئی شہروں میں جامشورو ٹرانسمیشن لائن ٹرپ ہونے کی وجہ سے بجلی کی فراہمی معطل ہو گئی تھی۔

شہر کو بجلی فراہم کرنے والے ادارے ’کے الیکٹرک‘ کے ترجمان کا کہنا تھا کہ جامشورو ٹرانسمیشن لائن سے 650 میگاواٹ کی فراہمی معطل ہوگئی تھی جہاں سے لائن ٹوٹنے کی وجہ سے پورا بوجھ کے الیکٹرک کے پیداواری یونٹس پر پڑ گیا ہے۔

اس صورت حال کی وجہ سے شہر کے 1330 فیڈر ٹرپ کر گئے اور شہر میں بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی تھی۔

متعلقہ انٹرنیٹ لنکس

بی بی سی بیرونی ویب سائٹس کے مواد کا ذمہ دار نہیں