سندھ میں باپ نے اپنے پانچ بچوں کو قتل کر دیا

تصویر کے کاپی رائٹ epa
Image caption پاکستان میں بچوں کے قتل کے بعد خودکشی کے متعدد واقعات پیش آ چکے ہیں

پاکستان کے صوبہ سندھ میں حکام کے مطابق ہالہ ٹاؤن کے ایک گاؤں میں ایک شخص نے اپنے پانچ بچوں کو گلا گھونٹ کر مار دیا ہے۔

حکام کا کہنا ہے کہ یہ واقعہ سندھ کے شہر حیدرآباد سے 50 کلومیٹر دور قومی شاہراہ پر واقع ہالہ ٹاؤن کے قریب گاؤں سعید خان لغاری میں پیش آیا۔

50 سالہ ملزم علی نواز لغاری نے یہ کارروائی اس وقت کی جب اس کی بیوی گھر پر موجود نہیں تھی۔

ضلع مٹیاری کے پولیس سربراہ امجد شیخ نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے صحافی علی حسن کو بتایا کہ ملزم کی گرفتاری کے لیے پولیس کی دو پارٹیاں مختلف علاقوں میں بھیجی گئی ہیں۔

امجد شیخ کے مطابق ملزم کے ایک بھائی نے پولیس کو بتایا کہ ملزم اکثر چلّے کاٹتا تھا جس کی وجہ سے اس کا ذہنی توازن ٹھیک نہیں تھا۔

پولیس کے سربراہ نے بتایا کہ ملزم اپنے بچوں کو ہلاک کرنے کے بعد گھر سے فرار ہو گیا تھا۔

ہلاک ہونے والے بچوں میں دو بیٹیاں اور تین بیٹے شامل ہیں۔

سب سے بڑے بچے کی عمر 13 برس ہے جبکہ سب سے چھوٹے بچے کی عمر چار برس بتائی گئی ہے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ قتل کیے جانے والے بچوں کی لاشوں کو پوسٹ مارٹم کے لیے ہالہ ہسپتال بھیجا گیا ہے۔

پاکستان کے مختلف علاقوں میں والدین کی گھریلو ناچاقی اور مہنگائی کی وجہ سے بچوں کے قتل اور بعد میں خودکشی کرنے کے متعدد واقعات پیش آ چکے ہیں۔

اسی بارے میں