بگٹی کیس: مشرف سمیت تمام ملزمان پر فردِ جرم عائد

Image caption پرویز مشرف مقدمے کی ابتدائی سماعت سے لے کر تاحال کسی بھی پیشی پر پیش نہیں ہوئے

بلوچ رہنما نواب اکبر خان بگٹی کے مقدمۂ قتل میں سابق صدر جنرل (ریٹائرڈ ) پرویز مشرف اور سابق وزیرِ اعظم شوکت عزیز سمیت چھ ملزمان پر فردِ جرم عائد کر دی گئی ہے۔

یہ فردِ جرم بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ میں انسداد دہشت گردی کی عدالت میں مقدمے کی سماعت کے دوران عائد کی گئی۔

یہ مقدمہ پرویز مشرف اور شوکت عزیز کے علاوہ سابق وفاقی وزیر داخلہ آفتاب احمد شیر پاؤ، سابق گورنر بلوچستان اویس احمد غنی، سابق صوبائی وزیر داخلہ شعیب احمد نوشیر وانی اور سابق ڈپٹی کمشنر ڈیرہ بگٹی صمد لاسی کے خلاف دائر ہے۔

بدھ کو سماعت کے موقع پر دو ملزمان شعیب نوشیروانی اور آفتاب شیر پاؤ عدالت میں موجود تھے اور انھوں نے صحتِ جرم سے انکار کیا۔

پرویز مشرف آج بھی عدالت میں پیش نہیں ہوئے اور ان کے وکیل ذیشان چیمہ کی جانب سے کہا گیا کہ وہ بیمار ہونے کی وجہ سے حاضری سے قاصر ہیں۔

عدالت میں ان کا میڈیکل سرٹیفیکیٹ بھی پیش کیا گیا جس پر عدالت نے انھیں آج حاضری سے استثنیٰ دے دیا۔

تصویر کے کاپی رائٹ Getty
Image caption نواب محمد اکبر خان بگٹی 26 اگست 2006 کو ترتانی میں ایک فوجی آپریشن کے دوران ہلاک ہوگئے تھے

مقدمے کے مدعی اور نواب بگٹی کے صاحبزادے نوابزادہ جمیل اکبر بگٹی کے وکیل سہیل احمد راجپوت ایڈووکیٹ نے بی بی سی سے بات کرتے ہوئے کہا کہ مشرف بیمار نہیں اور عدالت سے جان بوجھ کر غیر حاضر ہیں۔

سہیل راجپورت کے مطابق پرویز مشرف تو ٹی وی چینلوں کو انٹرویو دے رہے ہیں اور کہیں سے بیمار دکھائی نہیں دیتے۔

فردِ جرم عائد کیے جانے کے بعد جج آفتاب احمد لون نے مقدمے کی سماعت چار فروری تک ملتوی کر دی اور کہا کہ چار فروری سے اس مقدمے کی سماعت روزانہ کی بنیاد پر ہوگی۔

اس مقدمے میں آفتاب شیر پاؤ اور شعیب نوشیروانی ضمانت پر ہیں لیکن پرویز مشرف سمیت باقی ملزمان مقدمے کی سماعت کے آغاز سے اب تک کسی بھی پیشی پر عدالت میں پیش نہیں ہوئے۔

نواب محمد اکبر خان بگٹی 26 اگست 2006 کو ڈیرہ بگٹی اور کوہلو کے درمیانی علاقے ترتانی میں ایک فوجی آپریشن کے دوران ہلاک ہوگئے تھے۔

بلوچستان ہائی کورٹ کے حکم پر ان کی ہلاکت کا مقدمہ تین سال بعد اکتوبر 2009 میں درج کیا گیا تھا اور مقدمے کے اندراج کے پانچ برس سے زیادہ عرصے بعد اب ملزمان پر فرد جرم عائد کی گئی ہے۔

اسی بارے میں